• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیری ڈائس پورہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف آواز بلند کرے، علی رضا سید

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ کشمیری ڈائس پورہ اپنی سکونت کے ممالک میں بھارت کے غیرجمہوری و ظالمانہ رویے اور خاص طور پر کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے 15 ستمبر عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ بھارت نام نہاد جمہوریت کا علمبردار ہے اور اس سلسلے میں دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے۔ 

ایک طرف وہ دنیا کو بتا رہا ہے کہ وہ  جمہوریت کا سب سے بڑا علمبردار ہے جبکہ اس نے کشمیریوں کے جمہوری حقوق گذشتہ سات دہائیوں سے غصب کئے ہوئے ہیں۔ کشمیری بندوق کے سائے میں زندگی بسر کررہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں ہر آٹھ لوگوں پر فوجی تعینات ہے جو ہرروز کشمیریوں کے بنیادی انسانی اور جمہوری حقوق کچل رہے ہیں۔

علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی سویلین آبادی پر آئے دن بھارتی فوجیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے ساتھ ساتھ کنڑول لائن پر بسنے والے آزاد کشمیر کے پرامن شہری بھی بھارتی ظلم و ستم سے محفوظ نہیں۔

علی رضا سید نے کہا کہ دنیا میں جہاں جہاں کشمیری رہتے ہیں، انہیں بھارتی مظالم کے خلاف وہاں کے سیاسی نمائندگان اور حکام کو آگاہ کرنا چاہیے۔ ماورائے عدالت قتل عام اور بچوں اور خواتین پر مظالم کے خلاف اپنی تشویش کو اعلیٰ سطح پر پہنچانا چاہیے۔ 

خاص طور پر یورپی ملکوں میں رہنے والے کشمیری انسانیت کے خلاف جرائم میں ملوث بھارتی فوجیوں کے خلاف اپنے ملکوں کی مقامی عدالتوں سے بھی رجوع کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے بھارتی فوج کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ میں تیزی آئی ہے اور اس دوران بھارتی فوج نے رکھ چکری سیکٹر اور ایل او سی کے دیگر علاقوں میں سویلین آبادی کو نشانہ بنایا، جس سے ایک گیارہ سالہ بچی شہید ہوگئی اور دوبچوں اور ایک بزرگ خاتوں سمیت چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔

علی رضا سید نے کہا کہ سویلین آبادی پر حملے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور خاص طور پر بچوں کو بے دردی سے نشانہ بنانا ناقابل معافی جرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری خصوصا اہم اور بااثر ممالک کے حکام اور اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے عہدیداروں کو وقتا فوقتاً کئی بار خطوط لکھ چکے ہیں اور امید ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کروانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ یورپ میں بھارتی مظالم کے خلاف کشمیر کونسل ای یو کی آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی فوجیوں کے جنگی جرائم کی ثبوت اور اسناد بھی جمع کی جارہی ہیں تاکہ وقت آنے پر ان دستاویزات کو عالمی عدالتوں میں پیش کیاجاسکے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو یہ جاننا چاہیے کہ گذشتہ ایک سال کے  ملٹری لاک ڈاؤن کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں، دنیا سے ان کا رابطہ محدود ہے، اہم سیاسی رہنماء اور کارکن نظربند اور گرفتار ہیں۔ اس وقت کشمیریوں کو ایک بڑے المیے کا سامنا ہے۔ 

بھارت کشمیریوں کی وسیع پیمانے پر نسل کشی کررہا ہے اور آبادی کا تناسب تبدیل کرکے ان کی کشمیری شناخت ختم کرنے کے درپے ہے۔ اس مقصد کے لیے بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیرریاستی باشندوں کو آباد کررہاہے۔

علی رضا سید نے کہا کہ ہم بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیرکی آزادی کے لیے اپنی پُرامن جدوجہد جاری رکھیں گے اور  بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرتے رہیں گے۔ خصوصاً مودی اور ان کی انتہا پسند جماعت آرایس ایس کی انتہا پسندانہ پالیسیوں کو دنیا کے سامنے لاتے رہیں گے۔

انہوں نے  مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرہ فوراً ختم کیا جائے، یاسین ملک اور شبیرشاہ سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے، نظربندیاں ختم کی جائیں، ایل او سی پر فائرنگ بند کی جائے، کشمیریوں کے حقوق ان کو دے کر ان کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ پورا کیا جائے تاکہ کشمیری اپنے سیاسی مستقبل کا آزادانہ فیصلہ کرسکیں۔

تازہ ترین