وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے امریکی سفارت خانے کی جانب سے دارالحکومت میں اسٹریٹ کرائم میں حالیہ اضافے کے بارے میں جاری کیئے گئے بیان کو مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ معلومات مفروضوں پر مبنی ہے جبکہ مذکورہ علاقوں میں اس طرح کا کوئی واقعہ نہیں ہوا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے امریکی سفارتِ خانے کے بیان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ دارالحکومت میں گزشتہ سالوں کے مقابلے میں اسٹریٹ کرائمز اور دیگر جرائم کی شرح میں کمی دیکھی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے بیان میں کہا ہے کہ میں پچھلے تین سالوں کے اعداد و شمار کا موازنہ شیئر کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اسلام آباد میں امن و امان کی صورتِ حال کو جان بوجھ کر خراب پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہر ایک دیئے گئے اعداد و شمار کی خود جانچ پڑتال کر کے فیصلہ کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں واقع امریکی سفارت خانے نے امریکی شہریوں کو جاری کیئے گئے بیان کے ذریعے خبردار کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسٹریٹ کرائم میں حالیہ دنوں میں اضافے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
جاری کیئے گئے بیان میں امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ زیادہ تر جرائم کے واقعات اسلام آباد کے سیکٹر G-6، F-6، F-7، F-10، I-9، اور I-10 میں ہوئے ہیں، ان وارداتوں میں اسٹریٹ کرائم، چوری، مسلح ڈکیتی کی وارداتیں، موبائل فون، پرس اور گاڑیوں کی چوری شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیئے:۔
اسلام آباد پولیس کا جرائم میں کمی کا دعویٰ ، رپورٹ وزیر داخلہ کو پیش
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی شہریوں کو یاد دلایا جاتا ہے کہ جرائم کے بارے میں اطلاع دینے پر پولیس کا ردِعمل مختلف ہو سکتا ہے۔
امریکی سفارت خانے نے کہا ہے کہ دارالحکومت کے بتائے گئے سیکٹرز میں سفر کرنے والے امریکی شہری خاص طور پر بازاروں کا دورہ کرتے وقت احتیاط برتیں اور چوکس رہیں۔
یہ بھی پڑھیئے:۔
6ماہ میں جرائم کی شرح میں کمی ہوئی،اسلام آباد پولیس کا دعویٰ
امریکی شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ان علاقوں میں جاتے وقت خود کہ کم حیثیت ظاہر کریں، دولت مند ہونے کی نشانیاں ظاہر نہ کریں، جیسا کہ قیمتی زیورات یا گھڑیاں وغیرہ نہ پہنیں، بینک اور اے ٹی ایم آتے جاتے محتاط رہیں، اپنے اردگرد سے خبردار رہیں، سیف ٹریولر انرولمنٹ پروگرام میں خود کو انرول کرا کے سیکیورٹی اپ ڈیٹس حاصل کریں۔