اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی کو وقفہ سوالات کے دوران بتایا گیا کہ پی آئی اے فلائٹ آپریشن پر پابندی کی وجہ سے یورپین سیکٹر پر 28 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ،نیا پاکستان ہاؤسنگ کیلئے 295 دن کے دو مراحل میں کل 20 لاکھ 3940 درخواست دہندگان کو رجسٹرڈ کیا گیا ۔بدھ کو قومی اسمبلی میں شازیہ مری کے یورپی یونین برطانیہ‘ امریکا اور دیگر ممالک کی جانب سے پی آئی اے فلائٹ آپریشن پر پابندی کی وجہ سے ریونیو کی تفصیلات سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر ہوابازی ڈویژن غلام سرور خان نے تحریری طور پر آگاہ کیا گیا کہ پی آئی اے نے برطانیہ کیلئے اب تک چار راؤنڈ ٹرپ چارٹرڈ پروازیں چلائی ہیں جس سے 160.1 ملین روپے کا ریونیو حاصل ہوا، یورپ اور یو کے حکام کی جانب سے عائد کردہ اچانک پابندی کے باعث پی آئی اے کو کم سے کم چھ ماہ کیلئے یورپ اور یو کے آپریشن کی معطلی کا سامنا کرنا پڑا۔ مولانا عبدالاکبر چترالی کے سوال کے جواب میں بتایا گیا ہے کہ کراچی طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا؍ اور دو زندہ بچ جانے والے مسافروں کو پی آئی اے نے انسانی بنیادوں پر10 لاکھ روپے فی مسافر ادا کئے۔