• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کے رابطوں نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کردیں‘عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ حکومتی رویوں نے بالآخر ثابت کردیا ہے کہ وہ بھی ماضی کی مسلط کردہ حکومتوں کے منطقی انجام سے سبق لینا ہی نہیں چاہتی اور اپنی ناتجربہ کاری اور نااہلی کے ہاتھوں ایک ایسے گرداب کی جانب گامزن ہوچکی ہے جہاں چل چلائو کے سوا دوسرا کوئی راستہ نہیں۔ کشکول توڑنے والوں نے ملکی قرضوں کو314 کھرب سے زائد کی اپنی انتہائی حدوں تک پہنچا دیا ہے یہ صرف دو برسوں کا کیا دھرا ہے اور ابھی برملا تین سال اور اقتدار سے چمٹے رہنے کے بلندوبانگ دعوے کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں اے ٹی ایم مشینوں کے ناکارہ ہونے کے بعد تبدیلی سرکار اپنا انتخابی نعرہ کھودینے کے بعد اب حواس باختگی کے عالم میں بیرونی و گردشی قرضوں کی ادائیگی کو جواز بنا کر اپنے ہی عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے میں ذرا بھر بھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کررہی بلکہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے عوام کی کھال اتارنے میں مصروف نظر آرہی ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ مروجہ نظام کی تبدیلی کا جھانسہ دے کر قوم کو مزید اندھیرے میں رکھنے کا وقت مٹھی میں بند ریت کی طرح انتہائی غیر محسوس طریقے سے تبدیلی سرکار کے ہاتھ سے نکلا جارہا ہے۔ اے پی سی کے لئے بڑھتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے رابطوں نے تو ابھی سے حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ قائدین کو پابند سلاسل کرنے اور آمرانہ حربوں کے آزمائے جانے سے حکومت کو سخت بحرانی کیفیت کا سامنا کرنا پڑے گا اور تبدیلی سرکار کی جانب سے کوئی بھی غیر سیاسی عمل اس کے اقتدار کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔
تازہ ترین