وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس ( اے پی سی) پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سارے گندے انڈے ایک ہی ٹوکری میں جمع ہوگئے ہیں۔
اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس پر ردِعمل دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سارے گندے انڈے ایک ہی ٹوکری میں جمع ہوگئے ہیں، یہ سارے اکٹھے ہوجائیں، جو مرضی کرلیں، عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کا قانون بننے کے بعد سب کا مقدر جیل ہے، یہ جیلوں میں سڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں ووٹ کو عزت دو، لیکن کورٹ کو بھی عزت دیں۔
اسد عمر کی نواز شریف کے خطاب پر تنقید
قبل ازیں وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کے خطاب کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں اسد عمر نے استفسار کیا کہ 2018ء کے الیکشن میں ووٹ کو جتنی عزت ملی کافی نہیں یا مزید عزت افزائی کی ضرورت ہے؟
انہوں نے میاں محمد نواز شریف کے اے پی سی سے خطاب پر کہا کہ میاں صاحب کو کوئی سمجھائے کہ عوام نے 2018ء کے الیکشن میں واقعی ووٹ کو عزت دی اور سمجھ بوجھ کر ووٹ کا استعمال کیا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سمجھ بوجھ کر ووٹ کے استعمال کا نتیجہ یہ نکلا کہ میاں صاحب اقتدار سے فارغ ہوئے اور انہیں جعل سازی کر کے ملک سے بھاگنا پڑا۔
انہوں نے استفسار کیا ووٹ کی اتنی عزت کافی نہیں یا مزید عزت افزائی کی ضرورت ہے؟
اس سے قبل اپنے خطاب میں نواز شریف نے کہا تھا کہ اے پی سی فیصلہ کُن موڑ پر ہو رہی ہے، عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالنا سنگین جرم ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ اپوزیشن سیاسی انتقام کا نشانہ بن رہی ہے، ہماری جدوجہد عمران خان کو اقتدار میں لانے والوں کے خلاف ہے۔