سربراہ پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور بلاول کس منہ سے جمہوریت اور عوام کے حقوق کی بات کررہے ہیں، پیپلز پارٹی نے کراچی سے کشمور تک عوام کو کیا دیا۔
انہوں نے یہ بات کراچی کے علاقے نیو کراچی کے دورے میں شہریوں اور کارکنوں سے خطاب کے دوران کہی۔
مصطفیٰ کمال نے رحمانیہ عیدگاہ کرکٹ گراؤنڈ گودھرا اور گودھرا اسپتال کا دورہ کیا، اس موقع پر صدر پاک سرزمین پارٹی انیس قائم خانی اور دیگر بھی مصطفیٰ کمال کے ساتھ تھے۔
سربراہ پاک سرزمین پارٹی کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں لیڈروں کے خطاب سے وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ سب اپنی حکمرانی کی فکر میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ کو نہیں ووٹر کو عزت دو، جنہوں نے ووٹ دیے وہ پانی، تعلیم اور صحت سے محروم ہیں۔