اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس کی سماعت کے دوران ضمنی ریفرنس میں نامزد سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کے صاحبزادے عبداللّٰہ خاقان عباسی بھی عدالت میں پیش ہو گئے۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے ضمنی ریفرنس میں نامزد ملزمان کو آج ہی ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کا حکم دے دیا جبکہ 2 غیر ملکی ملزمان کے پیش نہ ہونے پر ان کی دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کر دیئے۔
قومی احتساب بیورو (نیب ) کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ غیر ملکی ملزمان کی کمپنیوں کے نام نوٹس بھیجے گئے تھے، تاہم ابھی تک دفترِ خارجہ سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔
احتساب عدالت نے حکم میں کہا کہ جب تک غیر ملکی کمپنیوں کو سمن کی تعمیل کی رپورٹ نہیں آتی، فردِ جرم عائد نہیں ہو گی۔
عدالت نے نیب سے غیر ملکی ملزمان کو سمن کی تعمیل کی رپورٹ آئندہ سماعت پر طلب کر لی۔
نیب نے غیر ملکی ملزمان سے متعلق رپورٹ کے لیے 3 ہفتے کی مہلت مانگ لی۔
شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفر اللّٰہ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ غیر ملکی ملزمان سے متعلق وقت زیادہ لگ سکتا ہے، ہماری استدعا ہے کہ آئندہ تاریخ کیلئے زیادہ وقت دیا جائے۔
عدالت نے کہا کہ زیادہ لمبی تاریخ نہیں رکھ سکتے، شاید آئندہ سماعت پر غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ جاری کرنا پڑیں، تمام ملزمان کو ضمنی ریفرنس کی نقول آج ہی فراہم کی جائیں۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان کے خلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت کے دوران ایل این جی ضمنی ریفرنس میں آج عبداللّٰہ خاقان عباسی سمیت 5 نئے نامزد ملزمان کو طلب کر رکھا تھا۔