کوئٹہ(پ ر) بی این پی کی مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری نے بیان میں ماڑی گیس کمپنی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کوہلو میں ماڑی گیس کمپنی کی گاڑی کی ٹکر سے شہید ہونے والے 2غریب نوجوانوں عبدالمالک شیرانی مری ولد سمیل خان مری اور شاہ دوست ولد حاجی بہاول خان پیردادانی مری کے لواحقین کو جلدمعاوضہ ادا کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ 16ستمبر کو کوہلو میں ماڑی گیس کمپنی کی ایک گاڑی کی ٹکر سے ایک نوجوان موقع پرجاں بحق جبکہ شاہ دوست ولدحاجی بہاول خان پیردادانی مری شدید زخمی ہوئےتھے جسے زخمی حالات میں ملتان ریفر کردیا گیا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جاملے ۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا کوئی نعم البدل نہیں ہوسکتا تاہم ان کے اہل خانہ کی مالی امداد کرنے سے ان کے زخموں پر مرہم رکھنی چاہیے جو کہ بدقسمتی سے ابھی تک ایسا نہیں کیا جاسکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ حادثے کے بعد عوام نے مشتعل ہو کر احتجاج شروع کیا جس پر ڈرائیور اور گاڑی تحویل میں دینے کی تسلی پر احتجاج ختم کردیا گیاتھا لیکن شہداء کے لواحقین کو تاحال کوئی امداد نہیں دی گئی ۔ اس لئے متعلقہ حکام شہداء کے لواحقین کی مالی مدد کے لئے اقدامات اٹھائیں ۔