• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور: بی آر ٹی بسوں کے بعد بس ڈپوز پر بھی کام رک گیا


پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) بسوں کا پہیہ رکنے کے بعد بس ڈپوز پر بھی کام بند کردیا گیا۔ رقم کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث کنٹریکٹر نے کام روک دیا ہے۔

دوسری جانب اگست کی ڈیڈ لائن گزرنے پر ٹھیکدار پر ایک ارب روپے سے زائد جرمانہ کردیا گیا۔

ادھر ذرائع کے مطابق چمکنی بس ڈپو پر پارک اینڈ رائیڈ کی سہولت پر کام مکمل نہیں ہوسکا، ڈبگری بس ڈپو پر 74، حیات آباد ڈپو پر 69 فیصد کام مکمل ہوسکا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی سید ظفر علی شاہ کا کہنا ہے کہ کنٹریکٹر مقررہ مدت میں کام مکمل کرنے میں ناکام رہا۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ کنٹریکٹر کو جرمانہ کیا، ہم عوام کے پیسے کا صحیح استعمال چاہتے ہیں۔


دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے کہا ہے کہ پشاور بی آر ٹی کی بسوں میں تکنیکی خرابی کا پتا لگا لیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ بسوں میں کیپسٹر، موٹر کنٹرولر اور دیگر آلات نصب ہیں۔

کامران بنگش نے بتایا کہ ممکنہ طور پر آگ کرنٹ کی ضرورت سے زیادہ ترسیل کے باعث لگی، خراب آلات تبدیل کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ آگ لگنے کے پے درپے واقعات کے بعد بی آر ٹی بسیں افتتاح کے ایک ماہ بعد ہی بند ہوچکی ہیں۔

تازہ ترین