• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناروے:اوسلو اور ویکن صوبے میں بس ڈرائیورز کی ہڑتال

اوسلو (ناصراکبر) ناروے کے دارالحکومت اوسلو اور ویکن صوبے میں بس ڈرائیورز کی تنخواہ میں اضافے اور سیکورٹی کنٹرول کے سلسلے میں ہڑتال جاری ہے۔چار ہزار کے قریب بس ڈرائیورز کی ہڑتال کے باعث تین ہزار سے زائد بس روٹ سروس متاثرہوئے ہیں۔ بس ڈرائیورزیونین کے نائب صدر فیاض احمد نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مطالبات پورے نہ ہونےتک ہڑتال لمبے عرصے تک جاری رہے گی اور اگر ہمارے مطالبات جمعہ 25 ستمبر تک پورے نہ ہوئے تو 26 ستمبربروز ہفتے کو پورے ناروےمیں بس ڈرائیورز کی ہڑتال ہوگی۔ بس ڈرائیورزظفر اقبال ،رؤف حسین،فاحریعقوب ،انعام الحق ،الطاف گونڈل اور دیگر کا کہنا تھا کہ ہماری تنخواہوں میں اضافہ ہونا چاہیے اور دوسرا بس ڈرائیورز کےلئے بس سیکورٹی کنٹرول کا وقت تقریبا چھ منٹ ہے اور وہ ناکافی ہے، اس میں بس کا سیکورٹی کنٹرول صحیح نہیں ہوپاتا،اس لئے اس میں اضافہ ہونا چاہیے۔دوسری طرف بس ڈرائیورز کی ہڑتال کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامناہے۔ مسافر عمران بشیر کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیورز کی ہڑتال کے باعث کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بسوں کی ہڑتال کے باعث گھر سے کام اور کام سے گھرآنے تک لوکل ٹرین پرسفر کی وجہ سے زیادہ وقت لگ رہا ہے۔کیوں کہ کافی علاقوں میں لوکل ٹرینز نہیں جاتیں وہاں صرف بسیں جاتی ہیں اس وجہ سے ہمیں پیدل چلنا پڑتاہے ۔مسافر آصف ملک نے کہا کہ بس ڈرائیورزکی ہڑتال کے باعث لوکل ٹرینز میں مسافروں کا زیادہ رش ہونے کی وجہ سے کورونا وائرس پھیلنے کا خطرہ ہے،اس لئے بس ڈرائیورز کے جائز مطالبات کو پورا کرکے بس سروس کو جلد بحال کرنا چاہیے۔
تازہ ترین