• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی تقریر، کشمیر مرکزی موضوع، مسلم دشمنی کا بھی ذکر

اقوام متحدہ (عظیم ایم میاں) وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 سالانہ اجلاس کیلئے اپنے تقریباً24 منٹ کے پہلے سے ریکارڈ شدہ خطاب میں تقریباً 7منٹ تک کشمیر کے مسئلہ، نریندر مودی کی جماعت آر ایس ایس کی نازی ہٹلر سے مماثلت اور مسلم دشمنی کا ذکر کرتے ہوئے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ اُس نے مشرقی تیمور کو آزادی دلانے کیلئے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرکے جو اہم عملی رول ادا کیا ہے اُسی طرح وہ کشمیر کے بارے میں سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اقوام متحدہ کے منشور پر عمل کرتے ہوئے کشمیریوں کو بھارت سے نجات دلاکر کشمیریوں کو حق خود اختیاری دلائے۔

اپنی گزشتہ سال کی گھنٹہ بھر کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کے برعکس اس سال انہوں نے پہلے سے تحریر کردہ مربوط اور کشمیر کے ساتھ ساتھ دیگر امور پر ذکر پر مشتمل تقریر کو ریکارڈ شدہ تقریر کی ہے۔

صدر ٹرمپ سمیت 140 ممالک کے سربراہان و حکومت و مملکت نے اس مرتبہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پہلے سے ریکارڈ شدہ تقاریر کے ذریعے خطاب کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی تقریر مربوط اور جن مختلف موضوعات کے ذکر پر مشتمل تھی۔ اُن میں دولت مند مغربی ممالک میں ترقی پذیر ممالک کے دولت مندوں اور کرپٹ حکمرانوں کی لوٹ کھسوٹ اور کرپشن کی دولت کو بلا روک ٹوک منتقل کرنے کا ذکر بھی تھا۔

اقوام متحدہ کی تاریخ میں ہونے والے پہلے ورچوئل جنرل اسمبلی کے اجلاس نے نہ صرف عالمی برادری کی سفارتکاری کو متاثر کیا ہے وہاں نیو یارک کے معیشت ماحول اور معاملات کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ نیو یارک میں اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں گہما گہمی، مختلف ممالک کے وفود کے درمیان ملاقاتوں، رابطوں اور سیکورٹی کی گہماگہمی مکمل خاموشی اور ویرانی میں تبدیل ہو چکی ہے۔

تازہ ترین