• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شعیب اختر نے کرکٹر ڈین جونز کی یادگار ویڈیو شیئر کردی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے دنیا سے رخصت ہونے والے عالمی شہرت یافتہ کرکٹر ڈین جونز کی ایک یادگار ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

شعیب اختر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن فائیو میں کراچی کنگز کے مینٹور اور ہیڈکوچ کے فرائض سر انجام دینے والے ڈین جونز کی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کچرا اٹھانے کی ویڈیو شیئر کی۔

سابق کرکٹر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’یہ ویڈیو اس بات کی وضاحت کرنے کے لیے کافی ہے کہ ڈین جونز کس طرح کے انسان تھے۔‘

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا کہ آپ کو دنیا میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

بعد ازاں شعیب اختر نے اپنے یوٹیوب چینل پر جاری ویڈیو میں ڈین جونز کے ساتھ گزارے لمحات کو یاد کیا۔

انہوں نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ ڈین جونز کی اچانک موت کا سن کر انہیں شدید صدمہ پہنچا۔


شعیب اختر نے ڈین جونز سے آخری ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ ڈین جونز سے میری آخری ملاقات دبئی میں ہوئی تھی، وہ گھٹنے کا آپریشن کروانا چاہتے تھے اور مجھ سے ڈاکٹر کا پوچھ رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ڈین جونز پاکستان اور بھارت میں بہت ہی مقبول تھے، وہ کمال حسِ مزاح رکھتے تھے، اور کرکٹ کی باریک بینیوں کو سمجھتے تھے۔

شعیب اختر نے کہا کہ کرکٹر ڈین جونز پاکستان کرکٹ کے حوالے سے فکر مند تھے اور چاہتے تھے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم بین الاقوامی سطح پر بہت آگے جائے۔

تازہ ترین