• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک مثالی طالب علم وہ ہوتا ہے جو دلجمعی سے پڑھتا ہو، اسکول اور گھر میں ہر کسی سے خلوص سے پیش آتا ہو اور نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میںبڑھ چڑھ کر حصہ لیتاہو۔ تمام والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کا بچہ ایک مثالی طالب علم بن جائے ،جو دوسروں کے لئے رول ماڈل ہو۔ اسکول ہوں، کوچنگ سینٹر یا پھر کھیلوں کی اکیڈمیاں، ہر جگہ مثالی طلبا کا خوشی خوشی استقبال کیا جاتا ہے۔ 

یہ طلبا اپنے تمام تفویض کردہ کاموں کو درست طریقے سے انجام دیتے ہیں۔ وہ سب سے آگے رہنا پسند کرتے ہیں اور اس مقام کو حاصل کرنے کے لئے سخت محنت کرتے ہیں۔ اگر آپ ایک عام سے طالب علم ہیں اور ایک آئیڈیل طالب علم بننے کی خواہش رکھتے ہیں تو آپ کو درج ذیل خصوصیات کا حامل ہونے کی ضرورت ہے۔

سخت محنتی

ایک مثالی طالب علم اہداف کا تعین کرتا ہے اور ان کے حصول کے لئے انتھک محنت کرتا ہے۔ وہ مطالعہ اور کھیلوں کے ساتھ ساتھ دیگر سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے اور بہتر سے بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے اپنی تمام تر کاوشیں بروئے کار لاتاہے۔

پُر عزم اور پُریقین

مشکل وقت میں بھی ایک مثالی طالب علم ہار نہیں مانتا۔ وہ طے شدہ اہداف کے حصول کے لئے پُرعزم اور مقاصد کے حصول کیلئے مسلسل مصروفِ عمل رہتا ہے۔ وہ کسی بھی علم اور صلاحیت کو سیکھنے ، سمجھنے اور بڑھانے کے لیے ہر وقت تیار رہتا ہے۔

اپنی اصلاح کرنا

بہت سے طلبا اپنے اسکول یا کوچنگ کا اسائنمنٹ وقت پر مکمل نہ کرنے یا امتحان میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کیے جانے پر مختلف بہانے کرتے نظر آتے ہیں اور اسے معمول بنالیتے ہیں۔ تاہم ، ایک مثالی طالب علم وہ ہوتا ہے جو کوئی بھی عذریا بہانہ کرنے کے بجائے اپنی کوتاہی تسلیم کرکے فوری اصلاح کرے تاکہ آئندہ ایسا نہ ہو۔

مثبت رویہ

ایک مثالی طالب علم ہمیشہ مثبت نقطۂ نظر کا اظہار کرتا ہوا نظر آتا ہے۔ یہاں تک کہ اگر نصاب بہت زیادہ ہے اور استاد تیاری کے لئے مناسب وقت نہ دے کر ٹیسٹ کا شیڈول بناتا ہے ، تو وہ اس کیلئے بھی تیار رہتا ہے۔ یہاں تک کہ اگر کسی مسابقتی سرگرمی کے لئے اچانک بلاوا آجائے تو وہ ہر حال میں پُرسکون رہتے ہوئےچیلنج کا مقابلہ کرتا ہے۔

آگہی کا شوق

ایک مثالی طالب علم نئی چیزیں سیکھنے کا شوقین ہوتا ہے اور کلاس میں سوال پوچھنے سے کبھی نہیں جھجکتا۔ وہ مختلف چیزوں کے بارے میں اپنے معلومات کو وسیع کرنے کے لئے کتابیں پڑھنے اور انٹرنیٹ پر سرفنگ کرنے میں اچھا خاصا وقت صرف کرتاہے۔

وقت کی پابندی

وقت کی پابندی مثالی طالب علم کا خاصہ ہوتی ہے، اس کے سونے جاگنے کے اوقات مقرر ہوتے ہیں۔ وہ اپنی تعطیلات کو بھی معنی خیز بناتاہے اور دستیاب وقت کا بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے پورے سال کے بنائے ہوئے شیڈول پر قائم رہتا ہے۔

فہرست نویسی

روزانہ کاموں کی فہرست تیار کرنا ایک اچھی عادت ہے۔ مثالی طالب علم ان تمام کاموں کی فہرست تیار کرتا ہے جو اسے صبح سے لےکر رات تک انجام دینے ہوتے ہیں۔ وہ اپنے کاموں کی ترجیحات طے کرتا اور اسی مناسبت سے انہیں انجام دینے کی فہرست مرتب کرتا ہے ، اس طرح اسے وقت کا بہتر انتظام کرنے میں مدد ملتی ہے۔ کاموں کو ترتیب وار مکمل کرتے ہوئے اسے مزید تحریک ملتی ہے۔

اچھی صحبت

کہا جاتا ہے آپ ان پانچ لوگوں کا اوسط ہیں جن کے ساتھ آپ زیادہ تر وقت گزارتے ہیں یا آدمی اپنی صحبت سے پہچانا جاتاہے۔ ایک مثالی طالب علم اپنے دوست بھی سوچ سمجھ کر منتخب کرتاہے۔ وہ ایسے لوگوں کو اپنا دوست بناتا ہے جو اپنی تعلیم کے بارے میں سنجیدہ ہوتے ہیں۔

تجربات کرنا

مثالی طالب علم اپنی صلاحیت کو جانچنے کیلئے نئے پروجیکٹس پر کام کرتا ہے اور اپنی دلچسپی کی راہیں تلاش کرتاہے۔ اس طرح وہ نہ صرف مختلف چیزوں کے بارے میں سیکھتا ہے بلکہ ان تجربات سے بعد میں فائدہ بھی اٹھاتا ہے۔

امانتداری

ایک مثالی طالب علم امانتدار بھی ہوتا ہے۔ اساتذہ اکثر اسے مختلف ذمہ داریاں تفویض کرتے ہیں جو وہ بغیرحیل وحجت کے ایمانداری سے انجام دیتا ہے۔

صحت مند طرزِ زندگی

ایک مثالی طالب علم جانتاہے کہ صحت مند طرزِ زندگی پر عمل پیرا ہونا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔اسی لیے وہ مناسب غذا لیتا ہے جس میں تمام مطلوبہ غذائی اجزاء شامل ہوتے ہیں۔ آپ اس وقت ہی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں گے جب آپ جسمانی اور ذہنی طور پر فٹ ہوں۔

نظم و ضبط کا پابند

مثالی طالب علم کے کمرے میں آپ کو مثبت توانائی نظر آئے گی۔ آپ کو بستر، الماری، اسٹڈی ٹیبل اور آس پاس کی چیزیں منظم نظر آئیں گی اور افراتفری کا ماحول نہیں لگے گا۔

مناسب نیند

ایک مثالی طالب علم ہر دن 8 گھنٹے نیند پوری کرنا ضروری سمجھتاہے اور کسی بھی حالت میں اپنی نیند پر سمجھوتہ نہیں کرتا کیونکہ پُرسکون نیند نہ لینے سے وہ سست پڑ سکتا ہے اور اس کی پیداواری صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔ اسی طرح وہ زیادہ دیر تک سوتا بھی نہیں کہ کہیں اس کا وقت ضائع نہ ہو۔

ورزش

مثالی طالب علم خاص طور پر اعلیٰ کلاس میں داخل ہوتے ہی تمام تر مصروفیات کے باوجود نصف سے ایک گھنٹہ ورزش یا فٹنس کیلئے ضرور نکالتاہےاور اپنی دلچسپی یا سہولت کے مطابق دوڑ ، جاگنگ ، سائیکلنگ، تیراکی اور یوگا جیسی سرگرمیاں اپناتا ہے۔

تازہ ترین