• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل فرنچائزز نے عدالت سے رجوع کیوں کیا؟ وجہ سامنے آگئی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تمام 6 فرنچائزز کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہمارے تحفظات دور کرنے کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جس کے بعد عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا۔

اپنے مشترکہ اعلامیے میں پی ایس ایل کی تمام فرنچائزز نے کہا کہ لیگ فرنچائزز ملک میں کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہیں۔

پی ایس ایل فرنچائزز مالکان کا کہنا ہے کہ انہیں لیگ کے موجودہ فنانشل ماڈل پر شدید تحفظات ہیں لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ان تحفظات کو دور کرنے میں بار بار عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ فرنچائزز کو لیگ کے آغاز سے اب تک نقصان ہورہا ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ منافع میں ہے۔

فرنچائزز نے موقف اختیار کیا ہے کہ مسلسل نقصانات اور پی سی بی کی جانب سے تحفظات دور نہ کیے جانے کے بعد عدالت سے رجوع کیا، فرنچائز کی ہمیشہ یہ ہی کوشش رہی تھی کہ معاملات افہام و تفہیم سے حل ہوں۔

فرنچائزز نے اس عزم کو بھی دہرایا کہ وہ پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور اس ہی نیت کے ساتھ انہوں نے پی ایس ایل میں سرمایہ کاری بھی کی تھی۔

دوسری جانب پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ فرنچائزز کو 23 ستمبر کو فنانشل ماڈل پر بات کے لیے میل کردی تھی۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ معاملہ عدالت میں معاملہ جانے پر پی سی بی کو مایوسی ہوئی ہے۔

تازہ ترین