• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روزنامہ جنگ ، جیو کے سینئر کورٹ رپورٹر ریاض شاکر انتقال کرگئے

روزنامہ جنگ ، جیو کے سینئر کورٹ رپورٹر ریاض شاکر انتقال کرگئے 


لاہور (وقائع نگار خصوصی، خصوصی نمائندہ ،خصوصی رپورٹر )روزنامہ جنگ اور جیو نیوز کے سینئر کورٹ رپورٹر ریاض شاکر مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے،انہیں میانی صاحب کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔وہ گذشتہ چند دنوں سے سانس کے عارضہ کے باعث میو ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ گذشتہ صبح خالق حقیقی سے جا ملے۔مرحوم کی رسم قل خوانی آج دوپہر دو بجے انکی رہائش گاہ 446ہما بلاک علامہ اقبال ٹائون لاہورمیں ادا کی جائے گی۔ مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ، تین بیٹے اور ایک بیٹی سوگوار چھوڑی ہے۔ نماز جنازہ میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شخصیات نے شرکت کی جن میں وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری،چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار کونسل اعظم نذیر تارڑ،سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ عبد الرحمٰن، میاں دائود ایڈووکیٹ، رہنما پیپلز پارٹی اسلم گل، افتخار شاہد، صدر ڈیموکریٹک پارٹی جہانگیر اشرف وینس ،سینئر صحافیوں اطہر مسعود، انجم رشید،رئیس انصاری،پرویز بشیر،مقصود بٹ، نوید چوہدری،بابر ڈوگر،آصف بٹ،خضر حیات گوندل،زاہد علی خان، عطا اللہ ،نسیم قریشی،عمران احسان،تجمل گرمانی، رب نواز خان ، صابر اعوان، امداد بھٹی، سعید آسی،چوہدری خادم حسین،عبا د الحق، امین حفیظ، احمد فراز، بخت گیر چوہدری ،حامد نواز،اویس رازی،عبداللہ ملک،جماعت اسلامی کے قیصر شریف، پی آر او ہمدرد علی بخاری، بابر خان و دیگرشامل ہیں۔نمازجنازہ کے موقع پر وفاقی وزیر فواد چوہدری نے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ ریاض شاکر دوستوں کا دوست اور اپنے پیشہ سے انصاف کرنیوالا انسان تھا ، وہ عدالتی رپورٹنگ پرایک سکہ بند نام تھا جومشکل سے مشکل بات کو آسان پیرائے میں بیان کرنے کا فن جانتے تھے،ریاض شاکر سماجی سرگرمیوں کی تصویر کشی پر عبور رکھتے اور کمال کی حس مزاح کے حامل تھے۔ریاض شاکر تین دہائیوں سے صحافت سے منسلک تھے ، اپنے والد بشیر شاکر کی تقلیدمیں وہ بطور کارٹونسٹ روزنامہ نوائے وقت سے وابستہ ہوگئے ۔80 کی دہائی میں روزنامہ مساوات سے بطور رپورٹرمنسلک ہو گئے۔ ریاض شاکر 1988 میں روزنامہ جنگ لاہور کی رپورٹنگ ٹیم کا حصہ بنے اور بعدازاں جیو نیوز کیلئے بھی کام کرنے لگے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وفاقی وزیر فواد چوہدری ، صوبائی وزیر عبدالعلیم خان ، ڈاکٹر طاہرالقادری،صدرپی ٹی آئی سنٹرل پنجاب اعجازاحمدچوہدری، جنرل سیکرٹری علی امتیاز وڑائچ اوردیگر مختلف سیاسی،سماجی اورصحافتی شخصیات نےاظہارتعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور سوگوار خاندان کےلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

تازہ ترین