• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان امن عمل میں پاکستان کا اہم کردار ہے، عبداللّٰہ عبداللّٰہ


چیئرمین افغان مفاہمی کونسل ڈاکٹر عبداللّٰہ عبداللّٰہ کا کہنا ہے کہ افغان مصالحتی عمل میں پاکستان کے کردار کے معترف ہیں، افغان امن عمل میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔

پاکستان کے دورے پر آئے چیئرمین افغان مفاہمی کونسل ڈاکٹرعبداللّٰہ عبداللّٰہ نے تقریب سےخطاب کے دوران کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں، پاکستان اورافغانستان کے عوام کی خوشحالی ایک دوسرے سے منسلک ہے، دونوں ملکوں کو دہشت گردی، انتہا پسندی سمیت متعدد چیلینجز کا سامنا ہے، افغان سر زمین کسی ملک کے خلاف استعمال ہونے نہیں دیں گے۔

عبداللّٰہ عبداللّٰہ نے کہا ہے کہ  پر امن بقائے باہمی کے لیے ہمیں اپنے رابطوں کو فروغ دینا ہے، ہمیں اپنے عوام کی امن کی خواہش کے لیے آگے بڑھنا ہے، تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں کے لیے ابھی امن کی منزل حاصل کرنی ہے جبکہ مستقبل کا راستہ آسان نہیں، ہمیں مل کر آگے چلنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستان کے شکر گزار ہیں، افغان امن عمل میں سب نے اپنا کردار اداکرنا ہے، یہ باہمی تعلقات میں گرم جوشی کا ایک نیا دور ہے، افغان طالبان اور افغان قومی حکومت کے درمیان مذاکرات کا آغاز ایک سنہری موقع ہے۔

ڈاکٹر عبداللّٰہ عبداللّٰہ کا کہنا تھا کہ ہمیں ماضی کی سازشی نظریات سے باہر نکلنا ہوگا، اب بہت برسوں کے بعد ہمیں سازشی نظریات سے آگے بڑھنا ہوگا، ہمیں باہمی تعلقات کو دونوں ممالک کے مفاد میں بہتر انداز سے آگے بڑھانا ہے، اس وقت جب ہم یہاں موجود ہیں دونوں طرفین کے وفود میز پربیٹھے امن کو آگے بڑھانے پر بات کر رہے ہیں، ہمیں گذشتہ 4 دہائیوں کے حقائق کو ملحوظ خاطر رکھنا ہوگا، عوامی سطح کے رابطوں کو برقرار رکھنا اہم ہے۔

ڈاکٹر عبداللّٰہ عبداللّٰہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ٹرانزٹ سمیت دیگر شعبوں میں آگے بڑھنا ہوگا، ہمیں بہت سی دشواریوں کا سامنا ہے، دہشتگردی کے ساتھ اب کوروناوائرس بھی ان چیلنجزمیں شامل ہے جس نے کسی ملک کو نہیں بخشا، یہ ہی وقت ہےکہ دونوں قوموں کوملک کر مستقبل کی راہوں کا تعین کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرا کام اتفاق رائے پیدا کرنا اور مسئلے کا سیاسی حل تلاش کرنا ہے، آج کا افغانستان 90 کی دہائی یا 2001 کا افغانستان نہیں، افغان اپنے ملک میں دہشتگردوں کے قدموں کی نشان نہیں چاہتے، ہم افغانستان کے تمام شراکت داروں کی کاوشوں کو تسلیم کرتے ہیں۔

ڈاکٹر عبداللّٰہ عبداللّٰہ کا تقریب سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ ہم خود مختار افغانستان چاہتے ہیں جس میں کسی قسم کا دہشتگرد گروہ نہ ہو۔

ڈاکٹر عبداللّٰہ عبداللّٰہ نے کہا کہ ہمیں مذاکرات کے ان لمحات سے فائدہ اٹھانا ہوگا اور ہمیں اس تاریخی موقع کو ضائع نہیں ہونے دینا ہے، ہم نے اپنی مذاکراتی ٹیم کو بھی یہ ہی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین