• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نعروں سے پاکستان کا نظام درست نہیں ہوسکتا،عبدالاعلیٰ درانی

بریڈفورڈ (پ ر) مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ کے سیکرٹری اطلاعات مولانا عبدالاعلیٰ درانی نے کہا ہے حکمرانوں کے خالی خولی نعروں سے ملکی نظام درست نہیں ہوسکتا اس کیلئے ضروری ہے کہ اس کے نفاذ کی ہمت ہو ۔ انہوں نے کہا ذوالفقار علی بھٹو نے نعرہ دیا تھا روٹی، کپڑا اور مکان ،جنرل ضیا الحق نے نیا نعرہ دیاتھا کہ پاکستان ایک فلاحی مملکت ہے قانون کو عوام کی دہلیز تک پہنچائیں گے اور چادر و چاردیواری کا تحفظ کریں گے اور عمران خان نے ریاست مدینہ کے تصورکا نعرہ دیا اور عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوکر وزیر اعظم بنے لیکن حکمرانوں کے نعروں کا کیا حشر ہوا سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا فحاشی و عریانی اور عصمت دری اس قدر بڑھ گئی ہے جیسے اسے قانوناً تحفظ دے دیا گیا ہو ، آئے روز معصوم بچے بچیوں کے ساتھ جو ظلم ہورہاہے اسے دیکھ کر ہر حساس آدمی کا دل بیٹھ جاتا ہے اس کا ایک ہی حل ہے کہ نظام عدل قرآن کے مطابق بنایا جائے۔ مولانا عبدالاعلیٰ نے کہا اسلام کا نظام تعزیرات دنیا کا سب سے کامیاب اور آزمودہ نظام ہے اس کی مخالفت صرف مغرب سے مرعوب لوگ ہی کرتے ہیں کوئی مومن اللہ ورسول کے نظام کے خلاف لب کشائی کی جرأت نہیں کرسکتا ۔انہوں نے کہا صرف بیانات اور تقریروں سے نظام نہیں سدھر سکتا۔ اس کے لیے ماحول پیدا کرنا بھی ضروری ہوتا ہے۔ مولانا عبدالاعلیٰ نے کہا سابقہ حکمرانوں کی طرح کی عمران خان کا دور حکومت بھی اسلامی ماحول بنانے میں ناکام رہا ہے سابقہ ادوار کی طرح اس دور میں بھی چادر کا تحفظ ہے نہ چار دیواری کا نہ کسی کی عزت محفوظ ہے نہ مال و جان اس کے لیے عورتوں کے لئے حجاب لازمی قرار دیا جانا چاہئے ۔اب تک کسی ایک مجرم کا احتساب نہیں ہوا۔
تازہ ترین