کراچی(اسٹاف رپورٹر‘ایجنسیاں)سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی سے وزیراعظم عمران خان اوروفاقی وزراءپرتنقید کرنے پراستعفیٰ لے لیا گیا ہے‘فردوس شمیم نقوی نے قائد حزب اختلاف کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے‘فردوس شمیم نقوی نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو اپنا استعفیٰ دے دیاہے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کے مطابق فردوس شمیم نقوی نے اخلاقی گرائونڈ پر استعفیٰ مجھے دیا ہے تاہم ان کے استعفیٰ کے حوالے سے ابھی وزیر اعظم نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔فردوس شمیم نقوی نے استعفیٰ اسی روزمعذرت کرنے کے بعد دے دیا تھا۔ذرائع نے بتایاکہ فردوس شمیم نقوی کی بطور اپوزیشن لیڈر کارکردگی بہتر نہیں تھی جس پر ان سے استعفیٰ طلب کیا گیا ہے۔ فردوس شمیم نقوی نے اپنے استعفیٰ سے متعلق وڈیو بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ روز میں گورنر سندھ کے ہمراہ سکھر گیا تھا، جس دن میں نے سوئی گیس کے حوالے سے بیان دیا تھا اسی وقت میں نے معافی کے ساتھ اپنا استعفیٰ بھی پیش کردیا تھا۔