اسلام آباد، کراچی (این این آئی، اسٹاف رپورٹر) رواں ہفتے کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلائو میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میںآرہا ہے، بدھ کو کورونا کے 747؍ نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مہلک وائرس مزید 5؍ زندگیاں نگل گیا، نئے کیسز آنے کے بعد فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 8903؍ تک جا پہنچی، جس میں سے 467؍ مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ جبکہ اب تک مجموعی طور پر 296881؍ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ سندھ میں کورونا سے مزید 2مریض انتقال کر گئے، 311نئے کیس سامنے آئے ۔ سندھ میں کورونا کیسز بڑھنے کے بعد ضلع غربی کی یوسی 8 میں دو ہفتوں کیلئے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے، علاقے میں 22؍ افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، جسکے بعد متعلقہ یوسی میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کردی گئی ہے اور عوام اجتماعات پر پابندی پر پابندی لگا دی گئی،جبکہ ضلع جنوبی کے علاقے بوٹ بیسن، آرام باغ اور صدر میں 9 ریسٹورنٹ کو کرونا ایس او پی کی خلاف ورزی پر سیل کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا کے تازہ اعدادوشمار جاری کر دئیے،گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 747 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 5 افراد کورونا کے باعث انتقال کر گئے،پاکستان میں ایکٹیو کیسز 8903 رہ گئے ہیں۔ علاوہ ازیں کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے باعث پہلے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کردیا گیا۔ سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے علاقے منگھوپیر یوسی 8 میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فوری نفاذ کیا گیا ہے۔ مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ آج رات 12 بجے سے ہوگا اور 15 اکتوبر شام 7 بجے تک جاری رہے گا۔ضلع غربی سے ایک ہی یوسی سے 22 افراد میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے، منگھو پیریوسی 8 میں سمامہ ولاز اور صائمہ سٹی سے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد وہاں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔ نوٹیفکیشن جاری ہونےکے بعد منگھو پیر یوسی 8 میں غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔