اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سی ڈی اے ملازمین کی مستقلی کے کیس میں ریمارکس دئیے ہیں کہ عدالت عارضی طور پر کوئی آرڈر پاس نہیں کرے گی ، سی ڈی اے عدالت کے احکامات کا غلط استعمال کرتا ہے۔ درخواست گزار دلائل مکمل کریں ، پھر اس پر فیصلہ جاری کریں گے۔ گزشتہ روز چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سی ڈی اے ملازمین کی مستقلی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں بھی سی ڈی اے کی کمیٹی میں شامل کر لیا جائے تو بہتر ہو گا۔ عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے عدالت کے آرڈرز کا غلط استعمال کرتا ہے ، کمیٹی میں بھی ڈالنے کا آرڈر نہیں دیں گے ، یہ اس کا بھی غلط استعمال کریں گے۔ سی ڈی اے کے حوالے سے عدالت عارضی طور پر کوئی آرڈر پاس نہیں کرے گی۔ سی ڈی اے نے ایک معاملے میں سمری بنا دی پھر کہا کہ یہ عدالت نے ہدایت کی تھی۔ درخواست گزار دلائل مکمل کر لیں ، پھر فیصلہ جاری کریں گے، بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔