• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمان اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مقرر


جمعیت علماء اسلام ( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن جماعتوں کا قائم کردہ اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سربراہ مقرر کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو پی ڈی ایم کا سربراہ بنانے کا فیصلہ پی ڈی ایم کے ورچوئل اجلاس میں کیا گیا۔

اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان کے ورچوئل اجلاس میں حکومت مخالف مشترکا احتجاجی تحریک کی حکمت عملی اور عمل درآمد کے حوالے سے مشاورت ہوئی۔


اجلاس میں ن لیگ کے قائد نوازشریف، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل، شاہ اویس نورانی، امیر حیدر ہوتی، پروفیسر ساجد میر سمیت دیگر جماعتوں کے سربراہان اور رہنماؤں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ملکی سیاسی صورتحال سمیت آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیاگیا۔

اپوزیشن جماعتوں نے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو اتفاق رائے سے پی ڈی ایم کا سربراہ مقرر کر دیا۔

ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کی تنظیم کے دیگر عہدیداران کا فیصلہ پیر کو اسٹیئر نگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

تازہ ترین