چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کشمیر کاز پر تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں شہریار آفریدی نے کہا کہ بھارتی حکومت اپنے عمل سے اقلیتوں کو پیغام دے رہی ہے کہ ہندو ہی یہاں برتر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹ اتنا بولو کہ لوگ سچ سمجھنے لگ جائیں، یہی مودی حکومت کی پالیسی ہے، کشمیر کے معاملے پر بہتر حکمت عملی سے بھارت کو بے نقاب کریں گے۔
چیئرمین کشمیر کمیٹی نے مزید کہا کہ باہر سے آکر کوئی ہماری مدد نہیں کرےگا، ہمیں اپنی مدد خود کرنا ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کاز پر تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، نوجوان کسی بھی ایشو پر سوچے سمجھے بغیر سوشل میڈیا پر ردعمل نہ دیں۔
شہریار آفریدی نے یہ بھی کہا کہ احتجاج کی آزادی ہر کسی کو ہے لیکن یہ وقت مناسب نہیں ہے، سیاستدان یا ایک افسر کرپٹ ہے تو پورے ادارے کو کرپٹ نہیں کہا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی سوچے بھی نہیں کہ وزیراعظم عمران خان کسی کو این آر او دیں گے، وہ ملک کو نقصان پہنچانے اور لوٹنے والوں کو معاف نہیں کریں گے۔