خیبرپختونخوا حکومت نے بھارت کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے گھر پر سیکشن 4 نافذ کردی ہے۔
واضح رہے کہ کے پی حکومت نے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار اور کپور خاندان کی پشاور میں واقع آبائی رہائش گاہوں کو خرید کر میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس معاملے پر اب وزیر اطلاعات کامران بنگش نے بتایا کہ محکمہ آثار قدیمہ نے دلیپ کمار کے گھر کو خریدنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو خط لکھا تھا۔
تاہم اس کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دلیپ کمار کے گھر پر سیکشن 4 نافذ کردی گئی ہے۔
کامران بنگش کا کہنا ہے کہ حکومت دلیپ کمار کا 4 مرلے کا گھر خریدنے کا عزم رکھتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ گھر کی خرید و فروخت پر سیکشن فور نافذ کردیا گیا ہے۔
کامران بنگش نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں گھر کو خریدا جائے گا جس کے لیے حکومت فنڈ مہیا کر رہی ہے۔
کامران بنگش کا کہنا تھا کہ دوسرے مرحلے میں گھر کی مرمت اور اس کی اصلی حالت میں بحالی کا کام ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ بحالی پلان کے تحت گھر کو میوزیم میں تبدیل کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ دلیپ کماری کی اہلیہ نے بھی اپنے شوہر کے آبائی گھر کی خریداری اور پھر اسے میوزیم میں تبدیل کرنے کے حکومتی فیصلے کی تعریف کی تھی۔
انھوں نے اپنے ایک انٹرویو میں خیبر پختونخوا کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں پاکستان کی صوبائی حکومت کی کوششوں پر بہت خوش ہوں اور مجھے پوری اُمید ہے کہ وہ اپنے اس اقدام میں ضرور کامیاب ہوں گے۔‘