• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم ووٹ کی عزت اور ووٹ کی حرمت کے دفاع کی موومنٹ ہے، مریم نواز


مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو محب وطن ثابت کرنے کے لیے کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے، حکومت بےساکھیوں پر کھڑی ہے اپنے وژن سے خود گرے گی۔

جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم ووٹ کی عزت اور ووٹ کی حرمت کے دفاع کی موومنٹ ہے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ایک بڑی تحریک ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ خوشی ہے کہ گوجرانوالہ کے جلسے میں مولانا فضل الرحمان تشریف لائیں گے، بلاول بھٹو کو گوجرانوالہ جلسے میں شرکت کی دعوت دوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی جلسے شروع بھی نہیں ہوئے گوجرانوالہ کی پوری انتظامیہ کو تبدیل کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ایک بڑی تحریک ہے، پاکستان میں میڈیا، عدلیہ اور اداروں پر دباؤ کا مقدمہ پی ڈی ایم لڑے گی۔

مریم نواز  نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دیتی ہوں، ہم سب اس فیصلے پر بے حد خوش ہیں، جبکہ عوام بھی اس فیصلے پر بے حد خوش ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں عوام آزادی مارچ کا ولولہ انگیز مرحلہ دیکھ چکے ہیں، مولانا صاحب ہمارے انتہائی قابل احترام بزرگ ہیں، پارٹی صدر شہباز شریف کی گرفتاری کی شدید مذمت کرنے پر مولانا فضل الرحمٰن کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری قومی تاریخ میں ایک سیاہ باب کا اضافہ ہے۔

تازہ ترین