• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالنے کے لیے نیب کا ایف آئی اے کو خط


نیب راولپنڈی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کرنے کے لیے ڈی جی ایف آئی اے کو خط لکھ دیا۔

ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی کا خط ڈی جی ایف آئی اے کو موصول ہوگیا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے اشتہاری ہونے کا ریکارڈ امیگریشن سسٹم میں شامل کیا جائے۔

نیب نے نواز شریف کے اشتہاری ہونے کے معاملے پر لاہور پولیس کو بھی خط ارسال کیا ہے۔


خط میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کا اشتہار ہر تھانے میں ان کی تصویر کے ہمراہ چسپاں کیا جائے۔

نیب کے خط میں کہا گیا کہ رائے ونڈ گھر کے باہر بھی اشتہار چسپاں کیا جائے۔

لاہور پولیس کو خط نیب راولپنڈی کی جانب سے لکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو بذریعہ اخباری اشتہار طلب کرلیا۔

عدالتی حکم میں کہا گیا  کہ نواز شریف کی بذریعہ اشتہار طلبی کا تمام خرچہ وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔

عدالت نے ہدایت دی کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتہارات کی رقم 2 روز میں جمع کرائیں۔

اشتہار کے مجوزہ متن میں کہا گیا کہ نواز شریف 30 روز میں عدالت میں پیش ہوں، ورنہ انہیں اشتہاری قرار دے دیا جائے گا۔

تازہ ترین