• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کا مقدمہ گھر گھر پہنچ چکا ہے، مریم نواز


پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ڈھول بجاکر اعلان کرنے والوں کو بشیر میمن کی گواہی سنائی دے گی، نواز شریف کی آواز تو بند کردی، نواز شریف کا مقدمہ گھر گھر پہنچ چکا ہے۔

 ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے کارکنوں کو اکیلا نہيں چھوڑا، نواز شریف نے سارے وار پہلے اپنے سینے پر سہے، نواز شریف کو ایک بار اڈیالہ جیل میں اور ایک بار نیب کسٹڈی میں ہارٹ اٹیک ہوا۔



رہنما ن لیگ نے کہا کہ جب قربانی دینے کا وقت آئے گا تو مریم نواز پہلی صف میں نظر آئے گی، جبکہ یہ تحریک کامیاب ہوچکی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف آئین اور ووٹ کی عزت کی بات کرتے ہیں، کارکنوں کی جدوجہد کےنتیجے میں 72 سال بعد مسلم لیگ کا کلچر بدل گیا، ظلم، جبر اور دھاندلی کے سامنے ن لیگ کھڑی رہی، دھاندلی کے باجود ن لیگ کےٹکٹ ہولڈرز اپنی جماعت کے ساتھ کھڑے رہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی تو تین ماہ پہلے شروع ہوگئی تھی، انتخابی حلقوں میں دھاندلی کے عینی شاہد اور گواہ پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز بھی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی ہر بیماری کا علاج ’ووٹ کوعزت دو‘ میں ہے، ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو پھر تابعداروں کو لایا جاتا ہے،  ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو پھر لاقانونیت، مہنگائی اور انتقام ہوتا ہے، ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو پھر آئینی و شخصی حقوق پر حکومت کا کنٹرول ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑی جاتی ہے انتقام نہیں احتساب کی بات کی جاتی ہے تو غداری کے پرچے کٹتے ہیں۔

تازہ ترین