• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں جمہوریت، اپوزیشن ڈاکو، 5 حلقوں سے جیتا، فوج چوروں کو جانتی ہے، ISI کو کمیشن لینے یا منی لانڈرنگ کرنے والوں کا پتہ ہے، عمران خان

فوج چوروں کو جانتی ہے، ISI کو کمیشن لینے یا منی لانڈرنگ کرنے والوں کا پتہ ہے، عمران خان


اسلام آباد(ایجنسیاں‘جنگ نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سارے بیروزگار سیاستدان اکٹھے ہوگئے ہیں ‘ اپوزیشن جتنے مرضی جلسے جلوس کر لے قانون توڑنے پر سیدھا جیل جائیں گےاور یہ وی آئی پی جیل نہیں ہو گی‘ عام قیدیوں والی جیل ہو گی‘ سڑکوں پر نکل کر عمران خان کو بلیک میل کرنے کا خواب دیکھنے والے ناکام ہوں گے۔

ہم سے بڑا کوئی جلسہ نہیں کر سکتا‘نوازشریف خودلندن میں بیٹھے ہیں اور کارکنوں سے کہہ رہے ہیں کہ باہرنکلو‘لوگ مقصد اور نظریےکیلئے باہرنکلتے ہیں کسی کی چوری بچانے کیلئے نہیں‘یہ پیسہ بھی لگائیں گے اور قیمے والے نان بھی کھلائیں گےلیکن میں لیگی کارکنوں سے کہتاہوں کہ پیسے لو‘قیمے والے نان بھی کھاؤ مگر گھر بیٹھو‘اپوزیشن کا مسئلہ جمہوریت نہیں کرپشن بچانا ہے۔

جمہوریت کی سب سے بڑی مثال میں ہوںجوسب سے زیادہ ووٹ لے کر آیا ہوں اور پانچ حلقوں سے الیکشن جیتاہوں‘اپوزیشن والے تو ڈاکو ہیں ‘ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ظہیر الاسلام نے اگر نواز شریف سے استعفیٰ طلب کیا تھا تو نواز شریف اس لئے خاموش ہو کر بیٹھ گئے تھے کیونکہ ظہیر الاسلام کو نواز شریف کی چوری کے بارے میں معلوم تھا۔

ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اس لئے اپوزیشن کو حکومت گرانے کی جلدی ہے‘ نواز شریف نے باہر جانے کیلئے منت سماجت کا راستہ اختیار کیالیکن لندن کی ہوا لگتے ہی ایک نیا نواز شریف سامنے آ گیا‘میاں صاحب بھارت کا ایجنڈا لیکر چل رہے ہیں ‘ نواز شریف پاک فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے ہیں‘انہیں ہی فوج سے مسئلہ ہوتا ہے۔

فوج پر انگلیاں اٹھانے والوں سے پوچھتا ہوں کہ مجھے فوج سے کیوں کوئی مسئلہ نہیں‘فوج نے ہرجگہ ہماری مددکی ‘فوج تمام چوروں کو جانتی ہے ‘ آئی ایس آئی کو کمیشن لینے اور منی لانڈرنگ کرنے والوں کا پتہ ہوتاہے‘ آئی ایس آئی کو پورا علم ہے کہ عمران خان کیسی زندگی گزار رہے ہیں۔

وکلاءکو صحت کارڈز دیئے جائیں گے اور نیا پاکستان ہائوسنگ اسکیم سے دیگر شہریوں کی طرح وکلاءبھی مستفید ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو انصاف لائرز فورم کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دینے والی افواج پاکستان پر فخر ہونا چاہئے‘ کچھ عناصر سمجھتے ہیں کہ یہ جو مرضی کر لیں ان سے کچھ پوچھا نہیں جا سکتا‘یہ فیصلہ کن جنگ ہے، ہر شخص چاہے کتنا بھی طاقتور کیوں نہ ہوں اس پر قانون کا اطلاق ہو گا‘میں مدینہ کی ریاست کا نام ووٹ لینے کے لئے استعمال نہیں کر رہا۔

یہ پاکستان میں ایک فیصلہ کن وقت ہے‘شریف خاندان عدالتوں کے فیصلوں کو بھی نہیں مانتا، ایک فیکٹری سے ان کی کئی فیکٹریاں بن گئی ہیں‘بیرون ملک جائیداد بھی بنا لی ہے لیکن یہ سمجھتے ہیں کہ ہم سے کوئی اس بارے میں پوچھ نہیں سکتا۔ 

تمام اپوزیشن مل بھی جائے تو انہیں کچھ حاصل نہیں ہو گا‘یہ لوگ فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں‘فوج نے کورونا کی صورتحال سے نمٹنے اور کراچی میں حالات کی بہتری سمیت ہر معاملہ میں ہماری مدد کی ہے، آئی ایس آئی دنیا کی سب سے بہترین ایجنسی ہے۔

آئی ایس آئی کو ان کی چوری کا علم تھا، اس لئے نواز شریف کی آرمی چیف سے نہیں بنی‘انہیں این آر او مل گیا تو اس سے ملک کی تنزلی شروع ہو جائے گی اور ملکی بالادستی کو نقصان پہنچے گا۔    

تازہ ترین