• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل کی قطر کو امریکا کی جانب سے ایف 35 طیارے فروخت کی مخالفت

اسرائیل کے وزیر انٹیلی جنس ایلی کوہن  نے مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی افواج کی برتری کو پڑوسی عرب ریاستوں پر قائم رکھنے کے حوالے سے  کہا ہے کہ وہ قطر کو ایف 35 طیاروں کی فروخت نہیں چاہتے،  اسرائیلی وزیر کا کہنا ہے کہ ان کا ملک امریکا کی طرف سے ایف 35 جنگی طیارے قطر کو فروخت کرنے کی مخالفت کرے گا۔

میڈیا رپورٹس  کے مطابق اسرائیلی خفیہ اداروں کے وزیر، ایلی کوہن سے اسرائیلی سرکاری میڈیا نے ایک برطانوی اخبار کی رپورٹ سے متعلق سوال کیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ قطر نے امریکا کو ایف 35 جنگی طیارے خریدنے کی درخواست کی ہے۔


ایلی کوہن کا کہنا تھا کہ خطے میں ہماری سیکیورٹی اور فوجی برتری ہمارے لیے سب سے اہم ہے۔ ہمارا خطہ ابھی تک سوئٹزرلینڈ میں تبدیل نہیں ہوا ہے۔

واضح رہے کہ قطر کی امریکا کو بھیجی جانے والی درخواست امریکا اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی اگست میں ہونے والی ڈیل کے بعد بھیجی گئی ہے۔

امریکا نے قطر کو ایف 35 طیارے فروخت کرنے کے بارے میں سوچنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

یہ رضامندی اس نے یو اے ای اور اسرائیل کے ساتھ کیے جانے والے معاہدے کے موقع پر کی تھی۔

تازہ ترین