• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ کو نشہ آور قرار دینے پر 2 چینلز کیخلاف مقدمہ

بالی ووڈ کو نشہ آور اور گندگی قرار دینے پر بھارت کے دو ٹی وی چینلز کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کے نامور فلم سازوں نے مخصوص میڈیا ہاؤسز کی غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر ان کے خلاف دلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔

جن ٹی وی چینلز کے خلاف اپنی نوعیت کی پہلی درخواست دائر کی گئی ان میں غیر قانونی طریقے سے ریٹنگ کے اسکینڈل میں ملوث ری پبلک ٹی وی اور ٹائمز ناؤ شامل ہے۔

معروف اداکار اور فلم سازوں میں عامر خان، شارخ خان، سلمان خان، اجے دیوگن، کرن جوہر، ادیتیا چوپڑا اور فرحان اختر شامل ہیں جنھوں نے عدالت سے رجوع کیا۔

ری پبلک ٹی وی کے سی ای او ارناب گوسوامی اور پرادیپ بھنڈاری جبکہ ٹائمز ناؤ کے بڑے نام راہول شوشنکر اور نویکا کمار کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

درخواست میں بالی ووڈ شخصیات کا کہنا تھا کہ ان چینلز نے فلم انڈسٹری کے خلاف بہت زیادہ ہتک آمیز الفاظ اور تاثرات کا اظہار کیا، جن میں نشئی اور گندگی جیسے الفاظ شامل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یہ چینل اشتعال انگیز الفاظ کا بھی استعمال کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ’یہ بالی ووڈ ہے جہاں پر موجود گند کو صاف ہونے کی ضرورت ہے‘، اور ساتھ میں یہ الفاظ بھی استعمال کیے گئے کہ ’بالی ووڈ بھارت کی غلیظ ترین انڈسٹری ہے۔

واضح رہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کیا گیا تو یہ معاملہ بالی ووڈ میں ڈرگز مافیا تک جا پہنچا۔

اس سلسلے میں کئی نامور بالی ووڈ شخصیات سے تفتیش بھی کی جارہی ہے۔

تازہ ترین