• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب: جلسوں، اجتماعات میں شرکت کے حوالے سے ایس او پیز جاری

پنجاب حکومت نے پر ہجوم جلسوں اور اجتماعات میں شرکت کرنے کے حوالے سے ایس او پیز جاری کردی ہے۔ اس سلسلے میں سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔

پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر  حکومت پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ تمام قسم کے سیاسی، سماجی، مذہبی، ثقافتی، اسپورٹس تقریبات، کانفرنسز اور سیمینارز جیسے پُرہجوم تقریبات میں شرکت کے لیے ایس او پیز جاری کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس انفیکشن زدہ سطح کو چھونے یا متاثرہ شخص کے کھانسنے، چھینکنے یا بولنے کے دوران خارج ہونے والے ننھے ذرات سے پھیل سکتا ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہر خاص و عام کی شرکت کیے جانے والے اجتماعات زیادہ خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔


ترجمان نے کہا کہ علاقہ، حالات اور علاقے کے کورونا متاثرہ ریکارڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کسی بھی قسم کے اجتماع کی اجازت دے گی۔ ہر کیس کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کورونا پھیلاؤ خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو سفارشات دے گی۔ پانچ فیصد سے زیادہ مثبت کیس آنے والے علاقوں میں زیادہ رسک کے پیشِ نظر کسی بھی قسم کے اجتماع کی اجازت نہیں ہو گی۔ اکٹھے ہونے کی جگہ کا تعین 6 فٹ کے سماجی فاصلے کو قائم رکھنے کے لیے جگہ کو دیکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ 

ترجمان نے کہا کہ زیادہ رسک والے اجتماعات اور سرگرمیوں کے لیے کھلی جگہ کا انتخاب کیا جائے۔ بند جگہوں پر تقریب کے انعقاد کی صورت میں روشنی اور وینٹیلیشن کا مکمل انتظام کیا جائے گا۔ تمام شرکاء کو شرکت کے لیے دعوت نامہ بھیجا جائے اور تقریب میں آنے والوں کی لسٹ لازمی بنائی جائے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریلیوں اور جلسوں میں جگہ کے حساب سے شرکاء کو شامل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ بچوں، بزرگوں  اور کسی بھی بیماری میں مبتلا افراد کو شرکت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کسی بھی تقریب میں ہاتھ دھونے کا انتظام، سینی ٹائزر، ٹشو، کوڑے دان کا ہونا لازم ہے۔

ترجمان نے کہا کہ سماجی فاصلے کو لازمی برقرار رکھیں، رش کرنے، ہاتھ ملانے اور بغل گیر ہونے سے مکمل پرہیز کریں۔ بلاضرورت کسی بھی چیز کی سطح کو پکڑنے یا چھونے سے اجتناب کریں۔ 

انھوں نے کہا کہ پر ہجوم جگہوں یا اجتماعات کے دوران ایک دوسرے کی طرف منہ کر کے کھانسنے یا چھینکنے سے گریز کریں۔ بولنے کے دوران منہ سے خارج ہونیوالے ننھے ذرات انفیکشن کے پھیلاؤ کی وجہ بن سکتے ہیں، شرکاء سے خطاب کے دوران اسکرین یا فیس شیلڈ کا لازمی استعمال کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ تقریب کے تمام شرکاء، آرگنائزرز، اسٹاف، اسپیکر، لیڈر اور سرونگ اسٹاف کے لیے ماسک کا استعمال لازمی ہے۔ ایونٹ آرگنائزر 6 فٹ کے سماجی فاصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے بیٹھنے کا انتظام کریں، تقریب کے دوران رش کو کنٹرول کرنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنا ضروری ہیں۔ 

ترجمان نے کہا کہ کوشش کریں کہ شرکاء کی تعداد مختصر ہو، سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کے لیے ترجیحاً فلور مارکنگ کریں۔ وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھیں اور ہال، انتظار گاہ، سواری کی کل گنجائش کا محض 50 فیصد حصہ پُر کریں۔ میڈیا کوریج کے لیے سماجی فاصلے کو مد نظر رکھتے ہوئے مخصوص جگہ مختص کریں۔ ہال کی صفائی ستھرائی اور ڈس انفیکشن کا خصوصی خیال رکھا جائے۔

ترجمان نے کہا کہ مشترکہ اور زیادہ استعمال ہونے والی سطحوں بشمول فرش، فرنیچر، دروازے، کھڑکیوں کو خصوصی طور پر ڈس انفیکٹ کریں۔ ڈرائی ڈسٹنگ کی بجائے وِیٹ ڈسٹنگ کو ترجیح دیں۔ بوفے کی بجائے لنچ باکس یا ٹیبل سرونگ کو ترجیح دیں، کوشش کریں کہ ڈسپوزایبل گلاس کا استعمال کیا جائے۔ شرکاء کو چاہیے کہ اپنے ساتھ پانی کی بوتل رکھیں اور دیگر افراد سے شئیر نہ کریں۔ ہائی رسک اجتماعات کے دوران تقریب سے 72 گھنٹے قبل اسپیکر کا کورونا ٹیسٹ لازماً منفی ہونا چاہیے۔ 

انھوں نے کہا کہ تقریب کے شرکاء کا پہلے تھرمل اسکینر سے ٹمپریچر لازمی چیک کیا جائے گا۔ فارمل ایونٹ کی صورت میں 2 ہفتے قبل تمام شرکاء کا ریکارڈ برقرار رکھیں۔ ایونٹ آرگنائزر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے خصوصی اقدامات یقینی بنائیں۔ تقریب کے دعوت نامے پر کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر بھی درج کی جائیں۔ تقریب کے دوران کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کے حوالے سے اعلان کیا جائے۔ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے مخصوص افراد کی ڈیوٹی لگائی جائے۔ ماسک کے بغیر کسی شخص کو حدود میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ 

شرکاء ہینڈ سینی ٹائزر اپنے ساتھ رکھیں اور آپس میں فون یا دیگر اشیاء کا تبادلہ ہر گز نہ کریں۔ تقریب کے شرکاء میں اگر کسی کو بخار یا کورونا علامات کا سامنا ہو تو فوری ضلعی ہیلتھ اتھارٹی سے رابطہ کریں۔ تقریب کے دوران رش کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفس سے معاونت حاصل کی جا سکتی ہے۔ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے ایس و پیز کے نفاذ پر کڑی نگرانی کی جائے گی۔

تازہ ترین