جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں حاضری سے استثناء کی درخواست دائر کردی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے حاضری سے استثناء کی درخواست جمع کرائی ، جس میں انہوں نے استدعا کی کہ سابق صدر کو طبی بنیادوں پر حاضری سے استثناء دیا جائے۔
دائر درخواست میں کہا گیا کہ آصف زرداری 11 اکتوبر سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں، جبکہ درخواست کے ساتھ آصف زرداری کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی جمع کرایا گیا ہے۔
دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) نے آصف زرداری کی عبوری ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں جن پر چیئرمین نیب کے دستخط بھی موجود ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری نیب کو تفتیش کے لیے مطلوب ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ سابق صدر زرداری کی عبوری درخواست ضمانت پر آج سماعت کرے گا۔
عدالت نے آصف زرداری کو آج تک عبوری ضمانت دے رکھی ہے، جبکہ سماعت کیلئے عدالت نے آصف زرداری کے وکیل اور نیب سے دلائل طلب کر رکھے ہیں۔