• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل ٹی20: کھلاڑیوں سے رابطہ کرنے والا بکی گرفتار

راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران کھلاڑیوں سے رابطہ کرنے والے بکی کو گرفتار کرلیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران ایک مبینہ بکی نے ایک کھلاڑی سے رابطہ کیا۔

کھلاڑی نے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کیا جس کے بعد ابتدائی تحقیقات مکمل کرکے معاملہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے ایک مبینہ بکی کو حراست میں لے لیا، اس کے فون کا فارنزک ہوگا۔

مبینہ بکی کا کہنا ہے کہ کرکٹر اس کا دوست ہے اس نے مذاق میں ایسی بات کہی تھی۔

دوسری جانب پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے کرکٹر کے اطلاع دینے کو قابلِ ستائش قرار دیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر پی سی بی اینٹی کرپشن اینڈ سیکورٹی آصف محمود کا کہنا ہے کہ اس اطلاع کے بعد پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے اپنی تحقیقات کے دوران کچھ حساس معلومات حاصل کی ہیں، جنہیں مزید چھان بین کی غرض سے ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ پی سی بی تحقیقات میں ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے آئی سی سی کو آگاہ کرتا رہے گا۔

تازہ ترین