• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان: کورونا وائرس کے مزید 641 کیسز، 13 اموات


پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اس سے اموات میں مسلسل کمی جبکہ اس سے شفایاب ہونے والوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 23 ویں نمبر پر آ چکا ہے۔

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32 ہزار 465 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کُل 40 لاکھ 41 ہزار 962 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

پاکستان: کورونا وائرس کے مزید 641 کیسز، 13 اموات
(تصویر: سہیل رفیق)

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 641 نئے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آ گئے، مزید 13 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 805 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 22 ہزار 452 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 638 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک بھر میں 9 ہزار 174 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 567 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 6 ہزار 640 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 41 ہزار 474 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 574 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 1 ہزار 425 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 288 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 38 ہزار 565 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 265 ہو گئیں۔


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 17 ہزار 913 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 194 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 15 ہزار 644 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 146 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 4 ہزار 33 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 90 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 3 ہزار 398 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 81 مریض وفات پا چکے ہیں۔

تازہ ترین