• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلجیئم: کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے فیز 4 کا اعلان

بیلجئین حکومت نے ملک میں کورونا وائرس کے تیز ہوتے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فیز 4 کا اعلان کردیا ہے۔ اس فیز میں رات کے کرفیو اور دیگر اقدامات کے علاوہ ریسٹورنٹ اور بار بھی بند کر دیے گئے ہیں۔

بیلجیئم کے وزیر اعظم الیگزینڈر دی کرو نےاس بات کا اعلان سیکیورٹی کونسل کے اجلاس کے بعد دارالحکومت برسلز میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت ہمارا ملک کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے انتہائی اونچے درجے میں ہے ’یہ فیز چار ہے‘۔ اس وقت انفیکشن بہت زیادہ اور بہت تیزی سے پھیل رہے ہیں ۔ ہمارے ڈاکٹر اور اسپتالوں پر بہت زیادہ بوجھ ہے۔

انہوں نے مزید خبردار کیا کہ گزشتہ مارچ اور اپریل کے مقابلے میں جب یہ وائرس شروع ہوا تھا ، اس مرتبہ یہ لمحہ بہت ہی قریب ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ مسائل کے باوجود اس حوالے سے اقدامات کیے جائیں۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جن اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے اس کے تحت کیفے کی پہلے سے بندش کے ساتھ ساتھ بار اور ریسٹورنٹ بھی ایک ماہ کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔

شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے گھر والوں کے علاوہ باہر کے صرف ایک شخص سے ملاقات کریں اور بلاوجہ اِدھر اُدھر نہ جائیں۔ مہمان 4 سے زائد نہ ہوں اور اُن کے درمیان بھی ڈیڑھ میٹر کا سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے۔ یہ مہمان بھی وہی ہونگے جو گروپ پہلے دن ملاقات کرے گا۔

مہمانوں کا یہ گروپ 15 دن کے بعد تبدیل کیا جا سکے گا۔ صنعتوں اور دفاتر سے کہا گیا ہے کہ ٹیلی ورک یعنی آن لائن کام شروع کیا جائے اور جہاں یہ سہولت میسر نہ ہو وہاں ہر ممکن حد تک سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے گا۔رات 12 بجے سے صبح 5 بجے تک کرفیو ہوگا۔

شام آٹھ بجے کے بعد نائٹ شاپس پر شراب فروخت نہیں کی جا سکے گی۔ ٹیک اوے کی صورت میں کھانا بھی صرف رات 10 بجے تک دستیاب ہوگا۔

اس کے علاوہ ہر سال لگنے والی تمام کرسمس اور دیگر مارکیٹس بھی اس سال منسوخ کر دی گئی ہیں۔ جنازے میں 40 افراد سے زائد شرکت نہیں کر سکیں گے۔ یہ تمام اقدامات پیر کے روز سے نافذ العمل ہوں گے۔

تازہ ترین