• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ میں کبھی کسی نے مجھ سے بدتمیزی نہیں کی، ہیمامالنی

بھارتی فلم انڈسٹری کی ماضی کی صف اول اداکارہ اور بی جے پی (بھارتی جنتیا پارٹی) کی رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ میں کبھی کسی نے اُن سے بدتمیزی نہیں کی اور نہ ہی اُنہوں نے کسی کے ساتھ بدسلوکی کی۔

بالی ووڈ کی تجربہ اداکارہ ہیما مالنی نے دو نیوز چینلز کے خلاف بھارتی فلمسازوں کا مقدمہ دائر کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’اُن کے 40 سال سے زیادہ کیریئر میں بالی ووڈ میں کسی نے بھی ان کے ساتھ بدتمیزی نہیں کی ہے اور نہ ہی اُنہوں نے کسی کے ساتھ نامناسب سلوک کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہیما مالینی نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ’گزشتہ کچھ دنوں سے ہم سبھی دیکھ رہے ہیں کہ بالی ووڈ اور بالی ووڈ فنکاروں کی بہت زیادہ توہین کی جارہی ہے۔‘

ہیما مالنی نے کہا کہ ’میں یہ نہیں کہہ رہی ہوں کہ ہم سب دودھ کے دُھولے ہوئےہیں لیکن ہم سب کو منشیات اور برائی کا نام دینا شرمناک اور ناقابل برداشت ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں چالیس سال تک بالی ووڈ کا حصہ رہی ہوں، میں نے کبھی بدتمیزی نہیں کی اور نہ ہی کسی نے میرے ساتھ بدسلوکی کی ہے۔‘

واضح رہے کہ بالی ووڈ کے نامور فلم سازوں نے مخصوص میڈیا ہاؤسز کی غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر ان کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی، جن ٹی وی چینلز کے خلاف اپنی نوعیت کی پہلی درخواست دائر کی گئی ان میں غیر قانونی طریقے سے ریٹنگ کے اسکینڈل میں ملوث ری پبلک ٹی وی اور ٹائمز ناؤ شامل ہے۔

معروف اداکار اور فلم سازوں میں عامر خان، شارخ خان، سلمان خان، اجے دیوگن، کرن جوہر، ادیتیا چوپڑا اور فرحان اختر شامل ہیں جنھوں نے عدالت سے رجوع کیا۔

درخواست میں بالی ووڈ شخصیات کا کہنا تھا کہ ان چینلز نے فلم انڈسٹری کے خلاف بہت زیادہ ہتک آمیز الفاظ اور تاثرات کا اظہار کیا، جن میں نشئی اور گندگی جیسے الفاظ شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ یہ چینل اشتعال انگیز الفاظ کا بھی استعمال کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ’یہ بالی ووڈ ہے جہاں پر موجود گند کو صاف ہونے کی ضرورت ہے‘، اور ساتھ میں یہ الفاظ بھی استعمال کیے گئے کہ ’بالی ووڈ بھارت کی غلیظ ترین انڈسٹری ہے۔

تازہ ترین