• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حالات نے PPP کو شہداء سے بے وفائی پر مجبور کر دیا: فیاض چوہان


وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کہتے ہیں کہ حالات کی ستم ظریفی نے پیپلز پارٹی کو اپنے نظریات اور شہداء سے بے وفائی پر مجبور کر دیا۔

لاہور سے جاری کیئے گئے ایک بیان میں وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ 18 اکتوبر 2007ء کو سانحۂ کارساز میں پیپلز پارٹی کے بے گناہ کارکنان طالبان کے ہاتھوں شہید ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے کراچی جلسے کی صدارت کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کےنظریاتی و روحانی سرپرست کر رہے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان کا کہناہے کہ زرداری خاندان صرف اپنی کھربوں ڈالرز کی کرپشن پر نیب ریفرنسز سے بچنے کے جتن کر رہا ہے۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ زرداری خاندان کے ذاتی مفادات نے بھٹو کے نظریات اور سیاسی فکر کو کوڑے دان میں ڈال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیگم صفدر بڑے غرور و رعونت سے خود کو اور اپنے والد کو بڑا قرار دے رہی ہیں، بیگم صفدر اعوان یاد رکھیں! شیطان بھی تکبر کے باعث جنت سے زمین پر پھینک دیا گیا تھا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آپ واقعی منی لانڈرنگ، اقربا پروری، جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے کھربوں ڈکارنے میں بڑی ہیں۔


ان کا کہنا ہے کہ آپ اور آپ کا خاندان ملک دشمن طاقتوں، مودی اور را سے ذاتی تعلقات بنانے میں بڑا ہے، اخلاق، کردار اور جذبۂ حب الوطنی میں آپ انتہائی چھوٹے اور حقیر ہیں۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ آج پی ڈی ایم کا دوسرا پاور شو بھی پہلے کی طرح ناکام و نامراد ہو گا۔

فیاض الحسن چوہان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے کرپٹ ٹولے کے ذاتی مفادات قوم کے بہتر مستقبل کے بالکل متضاد ہیں۔

تازہ ترین