وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن صفدر (ر) کی گرفتاری کا سارا کھیل وفاقی حکومت کی ایماں پر ہوا ہے۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کل نواز لیگ کے رہنماؤں نے مزار قائد پر حاضری دی اور وہاں مزار پر جو واقع پیش آیا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شا ہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے کیس داخل کرنے کے لیے الگ الگ پولیس کو درخواستیں دیں جبکہ پولیس نے درخواستوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے خارج کردیا۔
اُنہوں نے کہا کہ اس کے بعد قائد اعظم بورڈ نے پولیس کو درخواست دی جس پر پولیس نے قائد اعظم بورڈ کو مجسٹریٹ کے سامنے درخواست دینے کا مشورہ دیا اور اسی دوران ایک شخص نے پولیس کو درخواست دی کہ کیپٹن صفدر نے اس کو جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کردی لیکن تفتیش سے پہلے چار دیواری کا تقدس پامال کرکے کیپٹن صفدر کو گرفتار کرنا قابل مذمت ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے پی ایم ایل این کے رہنما کیپٹن صفدر (ر) کی گرفتاری کا سخت نوٹس لیا ہے، حکومت سندھ اس معاملے پر اعلیٰ سطحی انکوائری کرے گی۔
سید ناصر حسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ اس تمام کارروائی سے پہلے حکومت سندھ کو کسی بھی سطح پر آگاہ نہیں کیا گیا۔