• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تین سال قبل لاپتہ ہونے والا پالتو بلا فیملی کو واپس مل گیا

لندن (پی اے) بلے کے اونرز نے کہا ہے کہ تین سال قبل لاپتہ ہونے والا پالتو بلا فیملی کو واپس مل گیا۔ کیتھ بگ لینڈ کا پالتو بلا بسکٹ دراصل اس کی آنجہانی والدہ شرلی کی ملکیت تھا، جو مارچ میں کیمبرج شائر میں واقع اپنے گھر سے فرار ہوگیا تھا لیکن گذشتہ بدھ کو مسٹر بگ لینڈ اور ان کی اہلیہ ایس یو اس وقت حیرت زدہ رہ گئے، جب ایک لوکل ویٹ ڈاکٹر نے انہیں فون کر کے یہ بتایا کہ ان کی گولڈ اینڈ وائٹ پالتو بلا جس کی عمر 14 سال ہے مل گیا۔ انہیں یہ پالتو بلا ان کے گھر سے صرف ایک میل دور دکھائی دیا تھا۔ اونرز کا کہنا ہے کہ ہمیں اب بھی اس پر زیادہ یقین نہیں آتا، ہم نے مکمل طور پر امید ترک کردی تھی اور کبھی نہیں سوچا تھا کہ اس کے حوالے سے کوئی کال آئے گی۔ 53 سالہ بگ لینڈ نے کہا کہ جب بلا ہمارے گھر پہنچا تو میری بیوی نے اس کو اپنے بازوئوں میں لے لیا اور وہ پرسکون ہوگیا۔ انہوں نے کہا سب سے بڑھ کر خاص بات یہ ہے کہ میری والدہ کی تیسری برسی کے چند دن بعد پالتو بلا بسکٹ واپس ہمیں ملا ہے۔ اس پر آپ حیرت زدہ ہوں گے کہ کیا وہ ہم پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ بسکٹ نامی بلا یکم دسمبر 2017 کو 04:00 جی ایم ٹی پر گھر سے فرار ہوا تھا اور سی سی ٹی وی کیمرے میں یہ فرار فلمبند ہوا تھا۔ مسٹر بگ لینڈ نے اعتراف کیا کہ وہ اس بلے کی تلاش میں بہت جذباتی ہو گئے تھے اور انہوں نے گرد و نواح میں اس کے پوسٹر تقسیم کیے اور ہر جگہ تلاش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پہلے تو امید تھی، میں مہینوں تک ہر گوشے میں اس کا نام پکارتا رہا بسکٹ میری والدہ کی میرے پاس آخر نشانی ہے۔ بگ لینڈ نے بتایا کہ واپسی پر بسکٹ کی حالت کافی بہتر نہیں تھی۔ اسے سانس اور دل کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ بگ لینڈ نے اندازہ لگایا ہے کہ بسکٹ کی ویٹرنری کیئر کے اخراجات تقریباً 1500 پونڈ ہوں گے۔ انہوں نے ان اخراجات کو پورا کرنے میں مدد کیلئے ایک پیج GoFundMe لانچ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ پہلے کے مقابلے میں بلے کا ردعمل مختلف ہے تاہم جب میں نے اسے دیکھا تو فوری پہچان لیا اور اس نے مجھے پہچان لیا۔
تازہ ترین