عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما زاہد خان نے اپنے بیان میں کہا کہ کیپٹن صفدر (ر) کی گرفتاری کا معاملہ سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، سندھ حکومت معاملے کی تحقیقات کرکے حقائق سامنے لائے۔
ترجمان اے این پی زاہد خان نے کہا کہ تحفظات کا اظہار کرنے والی جماعتوں کو چیئرمین نیب کے خلاف ریفرنس دائر کرناچاہیے کیونکہ چیئرمین نیب کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں۔
اپنے بیان میں زاہد خان نے کہا کہ اسمبلیوں سے چیئرمین نیب کے خلاف قرارداد منظور کرانی چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی خواب میں بھی اپنی یو سی کا الیکشن نہیں جیت سکتا۔
زاہد خان نے کہا کہ پی ڈی ایم کو اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف بھی حکمت عملی بنانی چاہیے، پی ڈی ایم کو اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک لانے پر سوچنا چاہیے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی رہنما دباؤ برداشت نہیں کرسکتے تو یہ تو بیچارہ آئی جی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل زاہد خان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سندھ پولیس نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کے لیے کمرے کا دروازہ توڑ کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا ہے۔
ترجمان اے این پی زاہد خان نے کہا تھا کہ ہوٹل میں دھاوا بول کر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو گرفتار کیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ بتائیں گرفتاری کیلئے ان پر کس کا دباؤ تھا؟