• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت ہوگئی، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر  کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان کی ضمانت ہوگئی ہے۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ میں اور کیپٹن (ر) صفدر کراچی سے ساتھ واپس جائیں گے۔

لیگی نائب صدر نے اپنے شوہر کی ضمانت سے متعلق مریم اورنگزیب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی ترجمان نے انھیں بتایا کہ کیپٹن (ر) صدر کو رہا کردیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بریگیڈ تھانے کی پولیس نے آج صبح کراچی کے مقامی ہوٹل کے کمرے سے گرفتار کیا تھا۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا، ان سمیت 200 افراد کے خلاف مقدمہ شہری وقاص کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

 کیپٹن (ر) صفدر کو پولیس کی بکتر بند گاڑی میں عزیز بھٹی پولیس اسٹیشن سے کراچی سٹی کورٹ پہنچایا گیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سٹی کورٹ آمد کے موقع پر مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔


کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف درج مقدمے میں جان سے مارنے کی دھمکی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل ہیں، جبکہ مقدمے میں مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شہری وقاص کی مدعیت میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سمیت 200 افراد کے خلاف مزار قائد کے تقدس کی پامالی کا مقدمہ درج کیا گیا جس کے بعد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو آج صبح سندھ پولیس نے کراچی کے مقامی ہوٹل سے گرفتار کیا۔

تازہ ترین