• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جزائر سے متعلق آرڈیننس پر اپوزیشن کا سینیٹ سے واک آؤٹ


جزائر سے متعلق آرڈینس کے اجراء پر سینیٹ سے اپوزیشن نے واک آوٹ کیا، جبکہ سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ وفاق صوبوں کی ملکیت جزائر پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ کی زیرِ صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں جزائر سے متعلق آرڈینس کے اجراء پر اپوزیشن نے واک آوٹ کیا۔

پیپلز پارٹی کے ارکان نے آئی لینڈ آرڈینس نامنظور کے نعرے لگائے، سینیٹ میں کورم پورا نہیں نکلا، جس پر اجلاس جمعرات 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

قبل ازیں سینیٹر رضا ربانی نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کوشش کی جارہی ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقے کے جزیروں پر وفاق قبضہ کرے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ جزیرے وفاق کی ملکیت نہیں ہیں، یہ سندھ اور بلوچستان کی ملکیت ہیں، اس آرڈیننس کے ذریعے وفاق زمین پر قبضہ نہیں کر سکتی۔


سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سندھ کے 300 سے زائد جزیرے ہیں جن پر وفاق کی آنکھ ہے۔

رضا ربانی کا کہنا تھا کہ سرمایہ دار دوستوں کے بین الاقوامی ساتھیوں کو لاکر جزائر پر ہاؤسنگ سوسائٹی بنانے کا منصوبہ ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ آرڈیننس میں بات سیاحت کی جا رہی ہے، سیاحت صوبوں کا معاملہ ہے۔

میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور سندھ حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر یہ آرڈیننس جاری کیا گیا۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس ہفتے میں ہی آرڈیننس ایوان میں پیش کرے۔

تازہ ترین