چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ تمام سرکاری ملازمین کو سندھ پولیس کی پیروی کرنی چاہیے، سرکاری ملازمین کو سندھ پولیس کی طرح غیرقانونی احکامات ماننے سے انکار کر دینا چاہیے۔
سوشل میڈیا پیغام میں مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ سرکاری ملازم قائد اعظم کے اپریل 1948 کے پشاور میں خطاب کی پیروی کریں۔ قائد اعظم نے کہا تھا اگر پاکستان کا وقار اور عظمت بڑھانی ہے تو ڈیوٹی پر کوئی دباؤ قبول نہ کریں ۔اپنے فرائض بلاخوف اور ایمان داری سے عوام و ریاست کے نوکر بن کر ادا کریں۔
واضح رہے کہ سندھ کے محکمہ پولیس کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) مشتاق مہر سمیت کئی افسران نے ایک ساتھ چھٹی پر جانے کا فیصلہ کراتھا۔ جس کو بعد میں آئی جی پولیس سندھ مشتاق مہر نے ملک کے وسیع تر مفاد میں مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔
پیغام میں سندھ پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ 18 اور 19 اکتوبر کی درمیانی شب ایک بدقسمت واقعہ پیش آیا، جس کی وجہ سے پولیس کے تمام افسران کو دکھ ہوا اور وہ ناراض ہوئے۔ اس واقعے کے نتیجے میں آئی جی سندھ پولیس نے چھٹی پر جانے کا فیصلہ کیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے اس حوالے سے ایک بیان جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کراچی معاملے کی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا تھا۔