• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم عمران خان وفاق اور صوبوں میں ٹکراؤ پیدا کر رہے ہیں، شاہد خاقان

مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ کراچی کے واقعے پر وزیر اعظم عمران خان کا ایک بیان نہیں آیا، بد نصیبی ہے کہ ملک کا وزیر اعظم وفاق اور صوبوں میں ٹکراؤ کا ماحول پیدا کر رہا ہے، وہ ملکی معاملات اور معیشت سے نا آشنا ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے سر پر صرف انتقام سوار ہے، آپ نے فوج کو پھر سے سیاست میں ملوث کر دیا ہے،ایسے حالات ملک میں پیدا کر رہے ہیں جس سے انتشار پیدا ہو۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے بروقت مداخلت کر کے معاملے کو سنبھالا اور شفاف انکوائری کا یقین دلایا، سارے معاملے میں وزیر اعظم کہاں غائب ہیں وہ کیوں لا تعلق ہیں؟

شاہد خاقان نے کہا کہ وہ سندھ حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، ہم اصولی موقف اپنانے پر سندھ پولیس کے بھی ساتھ ہیں۔


ان کاکہنا تھا کہ سندھ کا ہر شخص اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کر رہا ہے، آئین کی بالا دستی ہوتی تو وزیراعظم عمران خان صوبے کے وزیراعلیٰ کو فون کرتے مگر کیا وزیراعظم نے کوئی تقریر کی، کوئی بات کی ؟

شاہد خاقان نے حکومت سے سوال کیا کہ کیا آپ کو وفاق کی پروا نہیں ہے؟ صوبوں کی پروا نہیں ہے؟

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک کا وزیراعظم عمران خان یہ نظر رکھے کہ شہباز شریف کو کھانا کون دے گا ، وہ عوام کی تکلیف اور معیشت سے ناآشنا ہے ، وہ ہر طرح سے کوشش کرکے مخالفین کو تکلیف پہنچانے کی کوشش میں ہیں۔

شاہد خاقان نے کہا کہ ہم اس سارے معاملے کی مذمت کرتے ہیں۔

تازہ ترین