• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان عوام کو جلسے میں دیکھ کر جھنجلا گئے: پرویز اشرف

سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف کہتے ہیں کہ وزیرِ اعظم عمران خان بڑی تعداد میں عوام کو جلسے میں دیکھ کر جھنجلا گئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان اور وزراء کی طرف سے کوئی ذمے دارانہ بیان نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک میں انتشار پھیلانا چاہتی ہے، یہ منظم پلاننگ سے ملک کو عدم استحکام سے دو چار کر رہی ہے۔

راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور سندھ حکومت نے احسن کردار ادا کیا، جبکہ ترجمان قومی اداروں کو سیاست میں ملوث کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کو سامنے آکر قوم کو حقائق بتانا چاہیئے تھے، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بات کرنا چاہیئے تھی۔

سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان تو چھپ کر بیٹھ گئے، لاتعلق ہو گئے، ہم نے نفرتوں کے بیج نہیں بونے، ملک کو متحد ہو کر مضبوط کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کو سوچ سمجھ کر بات کرنا ہو گی، ہم بھی وزیرِ اعظم رہے ہیں۔


راجہ پرویز اشرف نے سوال اٹھایا کہ مائیں، بہنیں پارلیمان کے سامنے کیوں بیٹھی ہوئی ہیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام تنگ آ کر باہر نکل آئے ہیں، مگر آپ کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔

سابق وزیرِ اعظم کا یہ بھی کہنا ہے کہ جلسوں پر ایف آئی آر کاٹ دیتے ہیں، نوشتۂ دیوار پڑھیں کہ عوام حکومت کو مسترد کر چکے ہیں۔

تازہ ترین