• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان طالبان عزم کے ساتھ آگے بڑھ کر تشدد میں کمی لائیں، نیٹو چیف

نیٹو کے سیکٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ دوہا قطر میں ہونے والے انٹرا افغان مذاکرات امن کے حصول کا اہم ترین موقع ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج نیٹو ہیڈ کوارٹرز برسلز میں ایک آن لائن پریس کانفرنس میں کیا۔

اگلے دور روز (جمعرات، جمعہ) منعقد ہونے والی نیٹو کے وزرا دفاع کی ورچوئل کانفرنس سے قبل اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج مذاکرات کی میز پر صرف افغانستان سے تعلق رکھنے والے لوگ بیٹھے ہیں۔ آج وہاں باہر کا کوئی شخص یا ملک موجود نہیں۔ یہ اس نسل کو امن دینے کا اہم ترین موقع ہے۔

انہوں نے افغان طالبان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عزم کے ساتھ آگے بڑھ کر جاری تشدد میں کمی لائیں اور سیز فائر کی طرف جانے والے راستے کی بنیاد رکھیں۔


 نیٹو سیکرٹری جنرل نے کہا کہ نیٹو نے اسی ہفتے افغان فورسز کی 2024 تک امداد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے اور ہم ان مذاکرات کی بھر پور حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ دو روز تک جاری رہنے والی کانفرنس میں افغانستان اور عراق میں نیٹو مشنز کی صورتحال اور اتحاد کو درپیش مختلف مسائل پر گفتگو ہوگی۔

نیٹو سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ بڑھتے ہوئے روسی میزائل خطرے اور اس کی پیچیدگی، بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف عراقی حکومت کی مدد اور روس اور چین کی جانب سے سیٹلائٹ سسٹم کو اندھا، اپاہج اور حتٰی کہ گرا دینے والے نظام کی تیاری جیسے موضوعات بھی زیر غور آئیں گے۔

 انہوں نے امید ظاہر کی کہ جمعرات کے روز نیٹو کے وزرا دفاع ایک نئے یورپین  خلائی مرکز کی تعمیر کی بھی تائید کریں گے۔

تازہ ترین