اسلام آباد (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے سابق صدرپاکستان آصف علی زرداری وغیرہ کیخلاف پارک لین ریفرنس میں گواہ کی طرف سے فراہم دستاویزات ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے سماعت ملتوی کردی گئی۔ بدھ کو سماعت کے دوران حسین لوائی، طحہ رضا سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری عدالت پیش نہ ہوئےاور انکی طرف سے ایک روز عدالتی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ کمرہ عدالت میں شریک ملزم اقبال نوری کے خراٹوں کی آواز آنے پر عدالت کے جج نے کہاکہ کمرہ عدالت کا ماحول بہت ریلیکس ہے ، عدالت کا ماحول دیکھیں ، بندہ یہاں سویا ہوا ہے،جس پر کمرہ عدالت میں قہقہے لگ گئے۔