وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں کرپشن بچاؤ مہم پر ہیں۔
شہباز گِل نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خاقان عباسی کی من پسند جمہوریت شریفوں کی لوٹ مار کی حکومت ہے۔
شہباز گِل کا کہنا تھا کہ شریفوں کا کرپشن کرکے این آر او کے بعد نظریاتی ہونے کا اسکرپٹ پرانا ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری بہت سے شک و شبہات پیدا کرتی ہے، آئی جی سندھ پر مقدمہ درج کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ایک افسر کو اغوا کیاگیا، عدالتوں نے نوٹس نہیں لیا، آئین خطرے میں ہے، عدالتیں خاموش بیٹھی ہیں، ملک کہاں جارہا ہے، یہ لمحہ فکریہ ہے ، تحقیقات کیسے ہوگی، کون کرے گا، اس کا تعین کرنا مشکل ہے۔
شاہد خاقان نے کہا کہ وزیراعظم کو اس واقعے پر وزیراعلیٰ سے رابطہ کرنا چاہیے تھا، وزیراعلیٰ ، بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کیں، کوئی رابطہ نہیں کیاگیا، وفاق کے بجائے آرمی چیف نے بلاول بھٹو سے رابطہ کیا۔