• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ خوراک کی کارروائی ‘ چاول اور چنے کی مکسنگ کرنے پر گودام سیل

پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے چمکنی میں چاول اور چنے کی مکسنگ کرنے پر گودام کو سیل کردیا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان‘ محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام اور ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر اور اسسٹنٹ کمشنر (شاہ عالم) ثوبیہ حسام کی نگرانی میں ‘ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز شاہ وزیر‘ منیٰ ظاہر اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ‘ واجد علی اور فوڈ انسپکٹر بلال آفریدی نے چمکنی میں واقع گودام پر چھاپہ مارا جہاں پر گودام میں چاول اور چنے کی مکسنگ کی جا رہی تھی جبکہ 50 کلو گرام تھیلوں میں سے 1 کلو بچا کر دکانداروں کو 49 کلو تھیلے مقررہ نرخوں پر فراہم کئے جا رہے تھے جس پر حکام نے ریکارڈ اور لائسنس بارے آگاہی حاصل کی تو کسی قسم کا ریکارڈ اور محکمہ خوراک کا لائسنس بھی پیش نہ کرسکا جس پر حکام نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے گودام کو سیل کردیا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان نے محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ہر صورت میں ریلیف فراہم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور کسی طور پر بھی اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں ہیں۔
تازہ ترین