ایک مثالی طالب علم وہ ہے جو ہر بات میں ایک مثال کی حیثیت رکھتا ہو۔ اپنی بنیادی ذمہ داریوں سے عہدہ برآہونے کےلئے ہر وقت کوشاں رہتا ہو ۔ایک اچھا طالب علم اپنے اساتذہ کی عزت اور احترام کو اپنا بنیادی فرض گردانتا ہے۔ اپنی معلومات کو دوسروں تک پہنچانے میں تسکین محسوس کرتا ہے ۔وہ صرف درسی و نصابی کتابیں ہی نہیں پڑھتا بلکہ ٹی وی ، ریڈیو ، اخبارات ، میگزین اور دوسرے تمام جدید ذرائع سے مختلف اقسام کی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے ۔ یوں کہہ سکتے ہیں کہ وہ محض کتابی کیڑا نہیں ہوتا بلکہ علم کا سچا متلاشی ہوتا ہے ۔ اپنی زندگی میں توازن برقرار رکھتا ہے اور خود کو نہایت موزوں انداز میں ہر منصب میں فٹ کرلیتا ہے ۔ وہ جانتا ہے کہ کس وقت مجھے کیا کرنا ہے ۔
وہ کام کے وقت کام کرتا ہے اور کھیل کے وقت کھیلتا ہے ۔ اس کے دن بھر کے معمول میں ہر کام کا وقت متعین ہوتا ہے، اس طرح وہ نہایت منظم قسم کی زندگی جیتا ہے ۔ وہ نہایت مہذب ہوتا ہے۔ وقت پر کام کرنا اس کا شیوہ ہوتا ہے۔ ایک مثالی طالب علم کادماغ ہی اچھا نہیں بلکہ اس کا دل بھی اچھا ہوتا ہے ۔
وہ صرف ذہین ہی نہیں ہوتا بلکہ انسانیت کی سچی تصویر بھی ہوتا ہے ۔ وہ اپنی جماعت کے کمزور بچوں کی ہر طرح سے مدد کرتا اور ان کی رہنمائی بھی کرتا ہے ۔ اخلاق و محبت مفاہمت اور تال میل کے ساتھ دوسروں کے ساتھ معاملہ کرنا اس کی فطرت کا خاصہ ہوتا ہے ۔ اساتذہ اور خود سے عمر میں بزرگ افراد کی عزت کرنا اس کےلئے بہتر کردار کی اولین شرط ہے ۔ اس کے نزدیک چھوٹوں سے پیار، پڑوسیوں سے مفاہمت اور اخلاق کا برتاؤ آدمیت کا تقاضہ ہوتا ہے ۔یہ سب باتیں ہمارے نوجوانوں میں ہوں تو معاشرہ ضرور تبدیل ہوگا۔
تعلیم یافتہ نوجوان، قلم اُٹھائیں اور لکھیں درج ذیل عنوان پر:
زندگی، تجربات کا دوسرا نام ہے۔ ہر انسان کی زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، جن سے کچھ سیکھ لیتے ہیں، کچھ ٹھوکر کھا کر آگے چل پڑتے ہیں، پچھتاتے اُس وقت ہیں، جب کسی مسئلے سے دوچار ہوجاتے ہیں، مگر حل سمجھ نہیں آتا۔ دکھ سکھ، ہنسی خوشی، یہ سب زندگی کے رنگ ہیں، جن سے کھیلا جائے تو بہت کچھ حاصل ہوتا ہے۔ مشاہدے میں آیا ہے کہ، آج کا نوجوان زندگی سے مایوس ہوتا جا رہا ہے۔ ایک تجربے کے بعد دوسرا تجربہ کرتا ہے، جب پے در پے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو وہ مایوسی کا شکار ہو جاتا ہے۔ لیکن زندگی کے تجربات بہت کچھ سکھاتے ہیں۔
ہم نے آپ کے لیے ایک سلسلہ بعنوان،’’ہنر مند نوجوان‘‘ شروع کیا ہے، اگر آپ تعلیم یافتہ ہنر مند نوجوان ہیں تو اپنے بارے میں لکھ کر ہمیں ارسال کریں، ساتھ ایک عدد پاسپورٹ سائز تصویر اور کام کے حوالے سے تصویر بھیجنا نہ بھولیں۔ اس کے علاوہ ایک اور سلسلہ ’’میری زندگی کا تجربہ‘‘کے نام سے بھی شروع کیا ہے، جس میں آپ اپنے تلخ وشیریں تجربات ہمیں بتا سکتے ہیں۔ بہت ممکن ہے کہ آپ کے تجربات یا تجربے سے دیگر نوجوان کچھ سیکھ لیں۔
ہمارا پتا ہے:
’’صفحہ نوجوان‘‘ روزنامہ جنگ، میگزین سیکشن، اخبار منزل،آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی۔