• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی عمران کی گمشدگی ریاستی دباؤ کی کوشش ہے، PFUJ

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور جنرل سیکریٹری ناصر زیدی نے جیو کے سینئر رپورٹر علی عمران سید کی گمشدگی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ کو صحافتی کام میں ریاستی دباؤ کی کوشش قرار دیا ہے۔


پی ایف یو جے کے رہنماؤں نے رپورٹر علی عمران سید کی گمشدگی کو کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج عوام تک پہنچانے کی سزا اور صحافیوں میں خوف و ہراس پیدا کرنے کے ساتھ آزادی صحافت کو پابند کرنے کی ریاستی کوشش قرار دیا ہے۔

پی ایف یو جے کی قیادت نے سندھ حکومت اور صحافی علی عمران سید کے اغوا میں ملوث افراد اور اداروں کو متنبہ کیا کہ علی عمران سید کو ہر صورت فوری بازیاب کرایا جائے ورنہ پی ایف یو جے ملک بھر کی یو جیز کے ساتھ مل کر پارلیمینٹ کے سامنے احتجاج اور دھرنا دے گی۔


انہوں نے مزید کہا کہ علی عمران سید فوری بازیاب نہ کئے گئے تو پی ایف یو جے ملک میں پیر سے احتجاج کا سلسلہ علی عمران سید کی بحفاظت بازیابی تک جاری رکھے گی۔

دونوں رہنماؤں نے تمام صحافتی تنظیموں سے کہا ہے کہ وہ پی ایف یو جے کے آئندہ لائحہ عمل تک ریاستی جبر کے خلاف احتجاج جاری رکھیں۔

تازہ ترین